لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا 37 واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ خزانہ، ہائر ایجوکیشن، قانون و دیگر افسران نے بطور سینڈیکیٹ ممبران شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے 36 ویں سینڈیکیٹ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے گرین پاکستان منصوبہ کے حوالے سے کاوشوں پر روشنی بھی ڈالی۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران پنجاب تھیلیسیمیا اینڈ جینیٹک ڈس ارڈر پری وینشن انسٹیٹیوٹ کو ڈی این اے اور ہیماٹولوجی لیب کیلئے کیمیکلز کی خریداری کا ٹینڈر کرنے کی اجازت دی گئی۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران بی ایس مڈوائفری چار سالہ ڈگری پروگرام کے کری کولم کی منظوری دی گئی۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران گنگارام ہسپتال میں اورل اینڈ میکسیلوفیشل سنٹر کے قیام کی منظوری دی گئی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر تھیلیسیمیا کے مرض سے آگاہی کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک آگاہی واک کی قیادت بھی کی۔اس آگاہی واک میں تمام سینڈیکیٹ ممبران، ڈی جی پنجاب تھیلیسیمیا اینڈ ادر جنیٹک ڈس آرڈر پری وینشن انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر حسین جعفری اور تھیلیسیمیا فیڈریشن آف پاکستان سے ریحان مجیب نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں جدید ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ گنگارام ہسپتال میں اورل اینڈ میکسیلوفیشل سنٹر کے قیام کے بعد مریضوں کو جدید علاج کی معیاری سہولت فراہم ہو گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ آج پوری دنیا میں تھیلیسیمیا کے مرض سے آگاہی کا دن منایا جا رہا ہے۔ تھیلیسیمیا بیماری کا شکار بچوں کے والدین انتہائی تکلیف سے گزر رہے ہوتے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ تھیلیسیمیا کی بیماری پر قابو پانے کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ شادی سے پہلے تھیلیسیمیا کے تشخیصی ٹیسٹ کو لازمی قرار دینا ہوگا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ تھیلیسیمیا کا شکار مریض ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ تھیلیسیمیا کا شکار مریضوں کیلئے صاف خون کی فراہمی ایک اہم فریضہ ہے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تھیلیسیمیاءکا شکار مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
شادی سے پہلے تھیلیسیمیا کا تشخیصی ٹیسٹ لازمی قرار دینا ہوگا:خواجہ سلمان رفیق
















