لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں ہیلتھ انشورنس کے ورکنگ گروپ کی سب کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران ہیلتھ انشورنس میں اصلاحات کا جائزہ لیا۔تمام ماہرین نے اس حوالے سے قیمتی تجاویز اور آراءسے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہیلتھ انشورنس پروگرام میں بہتری کی بہت گنجائش موجود ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے ہیلتھ انشورنس کو اپنے لوگوں کو نوازنے کیلئے یونیورسل کیا تھا۔ماضی میں ہیلتھ انشورنس کے نام پر عوام کے حق پر ڈاکہ مارا گیا۔ قائد میاں نواز شریف نے عوام کی بہتری کیلئے ہیلتھ انشورنس کا پروگرام شروع کیا تھا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ اب ہمیں ہیلتھ انشورنس کے پروگرام میں خرابیوں کو دور کرنا ہے۔ قوم ہیلتھ انشورنس پر سیاست کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔پنجاب حکومت ہیلتھ انشورنس پروگرام کو عوام کیلئے سود مند بنانا چاہتی ہے۔ عوام کی عدالت میں ہیلتھ انشورنس پر شب خون مارنے والے قوم کے اصل مجرم ہیں۔ 90 فیصد نارمل ڈلیوریز کو سیزیرین سرجری میں تبدیل کرنا ظلم کی انتہا ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں کی استعدادکار بڑھانے کی پوری کوشش کریں گے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے ہیلتھ انشورنس کے نام پر اپنی سیاست چمکانے کیلئے اس قوم کے اربوں روپے ضائع کئے ہیں۔ہیلتھ انشورنس پروگرام کے فنانشل ماڈل بہتر کرنا ہوگا۔
دریں اثنا صوبائی وزراءصحت خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں ٹیکنیکل ورکنگ گروپ برائے ڈینگی وائرس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراءصحت نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں ڈینگی وائرس کی موجودگی صورتحال اور تدارک کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈین انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر اور متعلقہ افسران نے صوبائی وزراءصحت کو بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہااجلاس بلانے کا مقصد ڈینگی وائرس کے تدارک کیلئے ایکسپرٹس کی مفید تجاویز اور آراءحاصل کرنا ہے۔ اس وقت دنیا کے کئی ممالک ڈینگی وائرس کا شکار ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ میاں شہباز شریف کی قیادت میں ڈینگی وائرس کے پھیلا¶ پر بڑی حد تک قابو پا چکے تھے۔ ڈینگی وائرس پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھانا کسی ایک محکمہ کی نہیں بلکہ تمام سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ڈینگی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے فیلڈ سٹاف کو متحرک ہونا پڑے گا۔ ڈینگی کے سیزن سے پہلے ہی حکومت پنجاب بنیادی حکمت عملی بنا رہی ہے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ تمام ماہرین ڈینگی وائرس کے تدارک کیلئے اپنی تجاویز اور آراءمرتب کریں۔ ڈینگی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تمام محکمہ جات کو محنت کرنی ہوگی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ فیلڈ میں بوگس کارکردگی پر ایکشن لیا جائیگا، لاروا کے تدارک کیلئے مو¿ثر اقدامات کرنے ہوں گے۔
ہیلتھ انشورنس پروگرام میں بہتری کی گنجائش موجود ہے: سلمان رفیق
















