لاہور (ہیلتھ رپورٹر+ کرائم رپورٹر) صوبائی وزیر سپیشل ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے فائر فائٹرز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے شہریوں کی قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے اپنی خدمات سرانجام دیتے ہوئے فرائض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122کے 23شہدا قوم کے عظیم سپوت ہیں جنہوں نے اپنی جان پر کھیل کے لوگوں کو احساس تحفظ فراہم کیا اور ریسکیو کے فائر فائٹر ز نے جدید خطوط پر پیشہ ورانہ فائر فائٹنگ کے ذریعے 231,056 آتشزدگی کے واقعات میں 664 ارب روپے کے ممکنہ نقصانات کو بچایا۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب کمیونٹی سیفٹی بلڈنگز ریگولیشنز 2022 پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے ہفتہ کو یہاں ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ انٹرنیشنل فائر فائٹرز ڈے کے موقع پر سال 2023 کے بہترین فائر ریسکیورز کو مبارکباد دی اوراس موقع پر ایک منٹ کی خاموشی کے ساتھ شہداہ کے بلند درجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ تقریب میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر، ہیڈ کوارٹرزو اکیڈمی، اضلاع کے ریسکیو افسران اور پنجاب کے بہترین فائر ریسکیورز نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے شہید ریسکیورز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور سال 2023 کے بہترین ریسکیورز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیورز ہمارے ہیرو ہیں جو دوسروں کی جانوں اور املاک کو بچانے کیلئے اپنی جانیں خطرے میں ڈالتے ہیں۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے حنظلہ ملک کوبھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دھرتی کے سچے بیٹے اور ایک مثالی فائر فائٹرتھے۔ ان کی کوششوں سے گلاسگو فائر سروس اور ریسکیو سروس پاکستان نے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جس کے ذریعے ریسکیو 1122 پاکستان کے فائر فائٹرز کو گلاسگو سے آگ بجھانے کی جدید تربیت فراہم کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو فائر سروس نے پنجاب میں گزشتہ 18 سالوں کے دوران 2,31,056 آتشزدگی کے واقعات پہ ریسپانس کرتے ہوئے 664 ارب روپے کے ممکنہ نقصانات کو بچایا ہے۔ ریسکیو 1122 نے نہ صرف فائر فیلڈ میں سروس ڈیلیوری کے اعلیٰ معیارات قائم کئے ہیں بلکہ جنوبی ایشیا میں اقوام متحدہ کی پہلی سرٹیفائیڈ ٹیم بھی بن گئی ہے۔ یہ سرٹیفیکیشن پاکستان کے تمام شہریوں کیلئے ایک اعزاز ہے انہوں نے تمام ریسکیورزکو بلا تفریق انسانیت کی خدمت کے عزم کے ساتھ اپنا کام جاری رکھنے کی تلقین کی۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اونچی عمارتوں میں پنجاب کمیونٹی سیفٹی بلڈنگز ریگولیشنز کے مطابق فائر ہائیڈرنٹس، ایمرجنسی ایگزٹ ،اضافی سٹئیر کیس اور الارم سسٹم لگائیں۔ ڈاکٹر رضوان نصیرنے پنجاب کے بہترین فائر ریسکیورزکو ڈبل تنخواہ، شیلڈز اور سرٹیفکیٹس کے نقد انعام سے نوازنے کے ساتھ سال 2023 کیلئے ڈویژن کی بہترین ٹیم،لاہور ٹیم کوپہلی پوزیشن کا کارکردگی ایوارڈدیا۔ انہوں نے کہا کہ فائر فائٹرز حقیقی ہیرو ہیں کیونکہ جب لوگ آگ کی ہنگامی صورتحال میں خوف کے مارے بھاگتے ہیں تو بہادر فائر فائٹرز جلتی ہوئی عمارتوں میں گھس کر لوگوں کی جانیں بچانے کیلئے عمارات میں داخل ہو رہے ہوتے ہیں ۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ڈاکٹر رضوان نصیر کے ہمراہ صوبے کے تین بہترین فائر ریسکیورز کو بیسٹ پرفارمنس ایوارڈ 2023 دیا جن میں محمد عاطف محمود لیڈ فائر ریسکیور بہاولپور، محمد ذیشا ن فائرڈرٹ ریسکیور شیخو پورہ اور عاصم جاوید فائر ڈرٹ ریسکیورلاہور اور لاہور ڈویژن کی ضلع لاہور کی ٹیم شامل ہے۔بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیورز کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
جانوں کا نذرانہ دینے والے فائر فائٹرز پوری قوم کے ہیرو ہیں: سلمان رفیق
















