انسداد پولیو مہم شروع، 2 کروڑ 40 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ٹارگٹ

اسلام آباد/ لاہور/ کراچی/ پشاور/ کوئٹہ (ہیلتھ رپورٹر+ بیورو رپورٹ) ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا جس کے دوران 2کروڑ 40لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔کوآرڈینیٹر نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ملک مختار احمد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے 5سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے لازمی پلوائیں۔انہوں نے کہا کہ ہائی رسک اضلاع میں باقاعدگی سے پولیو مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے، انسدادِپولیو مہم میں 4لاکھ سے زائد پولیو ورکرز حصہ لیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ملک کے 91 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گلشن اکاخیل، گڈاپ میں نئی تعمیر شدہ ڈسپنسری میں بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائے۔ ای او سی برائے انسدادِ پولیو کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں انسداد پولیو مہم کیلئے 10 ہزار سے زائد ٹیمیں بنائی گئی ہیں، مہم پولیو کے کیسوں اور ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی پر شروع کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کیلئے سکیورٹی سمیت دیگر ضروری انتظامات کئے گئے ہیں، بلوچستان میں 3 سال بعد رواں سال پولیو کے 2 کیس چمن اور ڈیرہ بگٹی سے رپورٹ ہوئے ہیں۔خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ڈی سی لکی مروت رحمت علی وزیر نے 5 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔لکی مروت میں پولیو مہم 3مئی تک جاری رہے گی جس کے دوران 40 یونین کونسلوں میں 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ڈی سی لکی مروت رحمت علی وزیر نے بتایا ہے کہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے 400پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان منظور آفریدی کے مطابق ضلع بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے جس کے دوران ایک لاکھ 45ہزار 900بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے۔انہوں نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں انسداد پولیو مہم کیلئے 629 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ سکیورٹی کیلئے 1400 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔