لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب ٹیچرز یونین کے 100 رکنی وفد نے مرکزی صدر چوہدری سرفراز کی قیادت میں صوبائی وزیر تعلیم پنجاب جناب رانا سکندر حیات خان سے چلڈرن لائبریری لاہور میں اساتذہ کو درپیش مسائل و مطالبات اور نظام تعلیم میں مزید بہتری کیلئے ملاقات کی اس موقع پر مزمل محمود چیف کوآرڈینیٹر مسلم لیگ ٹیچرز ونگ بھی موجود تھے۔ مرکزی صدر چوہدری سرفراز نے رانا سکندر حیات خان کو وزیر تعلیم پنجاب کا قلمدان سنبھالنے اور لیٹ بی ایڈ اساتذہ کے کنٹریکٹ میں توسیع کی سمری وزیر اعلیٰ پنجاب سے ہنگامی بنیادوں پر منظور کروانے پر انہیں مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار و مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ضلعی صدور و عہدیداران نے ضلعی سطح پر درپیش مسائل کی نشاندہی کی جبکہ جنرل سیکرٹری رانا لیاقت علی نے چارٹر آف ڈیمانڈ پر پنجاب ٹیچرز یونین کا تفصیلی موقف پیش کیا۔ اس موقع پر مزمل محمود چیف کوآرڈینیٹر مسلم لیگ ٹیچر ونگ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اساتذہ کے وقار میں اضافے اور نظام تعلیم میں بہتری کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہیں اساتذہ کے بغیر تعلیمی نظام بہتری ناممکن ہے لہٰذا اساتذہ حکومت کا ساتھ دیں تاکہ صوبہ پنجاب میں 100 فیصد شرحِ خواندگی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان نے چارٹر آف ڈیمانڈ سے اتفاق کرتے ہوئے 14 ہزار ایس ایس ایز کو 30 جون سے قبل ریگولر کروانے کا اعلان کیا۔پے پروٹیکشن کا معاملہ چونکہ کورٹ میں ہے اس پر کورٹ کے فیصلے کے بعد دیکھیں گے۔ انہوں نے اساتذہ نمائندگان سے کہا کہ میرا مشن ہے کہ میں اساتذہ کیلئے آسانیاں پیدا کروں گا لیٹ بی ایڈ اساتذہ کا مسئلہ حل کروانا میری ذمہ داری تھی پروفیشنل ڈگریز کی ایکولنس ، سروس رولز میں ترامیم اور اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جس میں پنجاب ٹیچرز یونین کا نمائندہ بھی شامل ہوگا۔ سکول کونسل کو با اختیار بنایا جا رہا ہے ، پرموشن میں تاخیر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی ، خواتین اساتذہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے انہیں گھروں کے قریب ٹرانسفر کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اچھی کارکردگی پر اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی جائیگی ، اساتذہ کو بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں گے ، SIS میں موجود خامیوں کو فوری دور کرنے کے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ ہدایات جاری کر دیں ہیں کہ تمام خالی پوسٹں sis پرشو کیں جائیں تاکہ اساتذہ کو ایڈجسٹمنٹ کیلئے آسانی ہو۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق انتظامی افسران کی تعیناتیاں میرٹ پر ہوں گی انہیں باقاعدہ ٹریننگ دلوائی جائے گی کرپشن کے خلاف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں بوٹی مافیا کا قلع قمع کر دیا ہے نان سیلری بجٹ میں اضافہ آئندہ مالی سال میں ہوگا ، سرکاری سکولوں کا میعار بہتر بنایا جائے گا بچوں کو بہتر سہولیات میسر ہوں گی اس سلسلہ میں مخیر حضرات سے تعاون حاصل کریں گے ، ریشنلائزیشن اور ٹرانسفر پالیسی پر اساتذہ سے مکمل مشاورت کی جائیگی، ضلعی سطح پر ون ونڈو کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ اساتذہ کے مسائل مقامی سطح پر اور فوری حل ہو سکیں اساتذہ آو¿ٹ آف سکول چلڈرن کو سکولوں میں داخلے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے حکمت عملی بنا رہے ہیں۔ میں تعلیم کا سپاہی ہوں تعلیم کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا اور تعلیم میں ترقی اساتذہ کے بغیر ممکن نہیں، آپ میرا ساتھ دیں میرا وعدہ ہے کہ آپ کے مسائل و مطالبات کو ہر ممکن طریقے سے پورا کروں گا۔ میں اور میری ٹیم ہر وقت آپ کیلئے حاضر ہے۔
اساتذہ کے مسائل حل کرنا اوّلین ترجیح ہے: صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات

















