مفاہمت یا مزاحمت، بیانیہ اب نوازشریف کاہی چلے گا:رانا ثنا

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)ن لیگ پنجاب کے تنظیمی اجلاس میں نوازشریف کو پارٹی صدر بنانے کے حق میں قرارداد منظور،قیادت پرمکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا گیا۔

قرارداد کے متن کے مطابق نوازشریف کو2017 میں سازش کے تحت نااہل کرکے پارٹی صدارت سے جبری طور پر محروم کیا گیا، سازشی آرڈرز و جعلی سزائیں انجام کوجاپہنچیں،قائد سرخرو ٹھہرے،ضمنی انتخابات میں پارٹی کی بھرپورکامیابی پر پارٹی قیادت کومبارکباد دیتے ہیں، قیادت فلسطینی بچوں اور خواتین پر مظالم ختم کرانے کیلئے مزید کاوشیں کرے۔

دریں اثنا اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا مفاہمت یا مزاحمت، بیانیہ اب نوازشریف کاہی چلے گا،قائد کوسازش کے تحت نااہل کرکے پارٹی صدارت سے الگ کیاگیاتھا،جبرکی تمام رکاوٹیں دورہوچکیں،نوازشریف دوبارہ ن لیگ کے صدرہوں گے،دوبارہ پارٹی صدارت سنبھالنے کی درخواست کردی،نواز شریف جو بیانیہ دیں گے وہی پارٹی کا بیانیہ ہوگا، چاہے مفاہمت کا ہو یا مزاحمت کا پارٹی اسی بیانیے پر چلے گی۔

صدر ن لیگ پنجاب نے کہاوہی لیڈر شپ فراہم کریں گے جس کی عوام توقع کرتے ہیں، نواز شریف کی صدارت میں اپنی کوتاہیوں ،کمزوریوں پر قابو پائیں گے ، امید ہے ن لیگ مقبولیت حاصل کرے گی، شہباز شریف کی ذمہ داریوں کی وجہ سے پنجاب کی قیادت نے نواز شریف کو صدر بنانے کی تجویز دی،شہباز شریف نے کوئی فیصلہ نواز شریف سے مشاورت کے بغیر نہیں کیا ،وزیراعظم ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں ،مریم نواز بھی عوامی ریلیف کےلئے کوشاں ہیں،پارٹی وفاق اور پنجاب حکومت کےساتھ کھڑی ہے۔

صحافی کے سوال پر رانا ثنانے کہا شیر عمران خان نہیں بلکہ ہم ہیں اگر عدالتیں رہا کرتی ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں مگر بانی پی ٹی آئی کے غیر سیاسی روئیے و ہٹ دہرمی کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچا۔