موجودہ صورتحال نے ضیا ءدور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا،عمران کاچیف جسٹس کو خط

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)قانون طاقتور کے ہاتھ میں ہے،سانحہ بہاولنگر واضح ثبوت ہے،موجودہ صورتحال نے ضیا دور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا،انصاف فراہم کریں،سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی روف حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاچیف جسٹس کو عمران خان کی جانب سے 4صفحات پر مشتمل خط لکھا گیا،چیف جسٹس نے خود انصاف کیا اور نہ ماتحت عدالتوں سے دلایا،بانی پی ٹی آئی نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے نام خط میں سول سپرمیسی ،آئین کی بالادستی پر زور دیتے ہوئے نوازشریف کی توشہ خانہ سے گاڑی کے معاملے پر نیب کے بیان بھی تحریر کیے۔

بانی پی ٹی آئی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیاثابت کرنے کا وقت ہے آیا آپ حقیقی طورپر اصولوں ،اقدار پر یقین رکھتے ہیں یامحض کھوکھلی بیان بازی تھی،عام انتخابات میں بے ضابطگیوں پرپی ٹی آئی درخواست 2ماہ سے زیر التوا ہے، آپ اور سپریم کورٹ کی جانب سے اہم معاملات میں غیر سنجیدگی آئینی بحران کو بڑھا دے گی،ملک پہلے ہی غیر سنجیدہ گی کا سامنا کر رہا ہے اور مزید کھائی کے قریب چلا جائےگا۔

عمران خان نے خط میں کہاچند سال قبل آپ کو سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس کی صورت میں ریاست کے غضب کا سامنا کرنا پڑا تو آپ نے مختلف فورمز پر فصاحت و بلاغت کا اظہار کیا،آئین کی 50ویں سالگرہ پر پارلیمنٹ میں آئین کو ہاتھ میں تھاما اور اعلان کیا کتاب آپ کی رہنمائی کرتی ہے،نیب کے پاس شریف برادران کے توشہ خانہ کیس کے کوئی ثبوت موجود نہیں جبکہ نیب کیسز اوپن اینڈ شٹ کیس تھے، ریٹائرڈ جنرل لگانے سے نیب کی ساکھ مزید متاثر ہوئی ،بہاولنگر سانحہ سے ثابت ہوا جس کے پاس طاقت ہے وہی قانون ہے، سانحہ میں پولیس کے ادارے کی کیا حالت ہوئی، قانون طاقتور کے ہاتھ میں ہے جو طاقتور نہیں وہ انصاف کا تقاضا نہیں کر سکتا۔

روف حسن نے کہاخط میں مزید لاقانونیت ،حالات کا تذکرہ بھی کیا ،قابض لوگ ہر ممکن کوشش سے پی ٹی آئی کو نشانہ بنا رہے ہیں،8فروری کو انٹرنیٹ معطل کیا گیا اب پھر نوید سنادی گئی ، صنم جاوید ،عالیہ کو دوبارہ سے گرفتار کر کے سرگودھا شفٹ کر دیا گیا ،تمام قیدیوں کو برے طریقے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایک سال سے بچیاں ریاستی ظلم کا نشانہ بنتے آ رہی ہیں،سمجھتے تھے جنرل ضیا کے مارشل لا سے برا دور نہیں آسکتا لیکن موجودہ صورتحال نے ضیا دور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا گیا ،مطالبہ ہے قیدیوں کو ریاستی جبر سے آزاد کیا جائے۔