پی ایس ای بی کے ساتھ تعاون کا مقصد پنجاب کی ترقی، خوشحالی کا فروغ ہے :عمران امین

لاہور (پ ر) پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے) جسے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کے ساتھ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق پاکستان کے سب سے پہلے آئی ٹی حب، نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام اور صوبہ پنجاب میں آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم مفاہمتی معاہدے طے کیا ہے۔یہ معاہدہ نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے جو کہ ملک کا سب سے بڑا اور واحد آئی ٹی سٹی ہے۔ سی بی ڈی پنجاب اور پی ایس ای بی صوبہ پنجاب میں آئی ٹی سیکٹر کی عالمی مسابقت کو مضبوط بنانے اور پنجاب کی بڑھتی ہوئی آئی ٹی صنعت کی پائیدار ترقی کیلئے آئی ٹی کمپنیز اور فری لانسرز کو ایک جدید پلیٹ فارم مہیا کریں گے۔ اس مشترکہ کوشش کا مقصد م صوبہ پنجاب میں آئی ٹی سے وابستہ افراد کیلئے معاون ورک ایریا اور مواقعوں کو تقویت دینا ہے تاکہ صوبہ پنجاب کو انٹرپرینیورشپ کے فروغ پذیرمرکز کے طور پرپیش کیا جاسکے۔ مفاہمتی معاہدے کی یاداشت پر دستخط کی تقریب آئی ٹی سی این ایشیا کی اختتامی تقریب میں ہوئی جس میں ڈیجیٹل کارپوریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل دیما یحییٰ، وزیر مملکت آئی ٹی اینڈ کمیونیکیشن شیزا فاطمہ خواجہ، ڈائریکٹر بزنس ڈویلپمنٹ سی بی ڈی پنجاب، علی وقار شاہ، ڈائریکٹر مارکیٹنگ سی بی ڈی پنجاب، وسیم صدیق، ڈائریکٹر آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ سی بی ڈی پنجاب، سمیر آفتاب سیال، ڈائریکٹر پروجیکٹ مینجمنٹ سی بی ڈی پنجاب آصف اقبال، اور آئی ٹی اور کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ مفاہمتی یادداشت پر عمران امین، سی ای او سی بی ڈی پنجاب اور حمیرا عائشہ مورانی، سی ای او پی ایس ای بی نے دستخط کئے۔ سی بی ڈی پنجاب اور پی ایس ای بی اکیڈیمک اور آئی ٹی انڈسٹری کے درمیان اہم گٹھ جوڑ کو مضبوط بنانے کیلئے تعاون کریں گے۔ مزید برآں، پی ایس ای بی مقامی اور بین الاقوامی سطح پر رجسٹرڈ مقامی آئی ٹی انٹرپرائزز اور ان کے ہم منصبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے میں سی بی ڈی پنجاب کو سہولت فراہم کریگا۔ معاہدے کا ایک اہم مقصد مقامی آئی ٹی فرموں کیلئے علم کے تبادلے، ٹیکنالوجی کی منتقلی، اور مارکیٹ میں توسیع کے مواقع کو متحرک کرنا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین نے کہا کہ اس معاہدے سے پنجاب کو ٹیکنالوجی اور معاشی خوشحالی کا مرکز بننے کی راہ ہموار ہوگی۔ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے سی بی ڈی پنجاب پر اعتماد کیا اور سی بی ڈی پنجاب کو نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام کی ذمہ داری سونپی۔ پی ایس ای بی کے ساتھ سٹرٹیجک تعاون کے ذریعے ہمارا مقصد پنجاب کے آئی ٹی سیکٹراور تمام سٹیک ہولڈرز کیلئے جامع ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔ سی بی ڈی پنجاب اور پی ایس ای بی کے درمیان یہ شراکت داری پنجاب میں آئی ٹی صنعت کی ترقی اور پھلنے پھولنے کیلئے سازگار ماحول کو فروغ دینے کیلئے ان کے مشترکہ عزم کو واضح کرتی ہے۔ دونوں فریق ملکر نوازشریف آئی ٹی سٹی کو بے مثال بلندیوں پر لے جانے کیلئے تیار ہیں جو خطے میں تکنیکی ترقی اور اقتصادی قوت کے ایک نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں۔