لاہور (خبرنگار)وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 271 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے 121کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ 8کو گرفتار کرلیا گیا۔ پکڑے جانے والے کنکشنوں میں 10 کمرشل، 3 زرعی اور 258 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشن منقطع کرکے ان کو ایک لاکھ 62 ہزار 849 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 42لاکھ 86 ہزار 479 روپے ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانیوالے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشن بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔انسداد بجلی چوری مہم کو211 روزمکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 72 ہزار 707 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 69 ہزار 745 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر29 ہزار 377 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک8 کروڑ 84لاکھ 35 ہزار 134 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3 ارب 31 کروڑ 99 لاکھ 79 ہزار 715 روپے ہے۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ دوسری طرف چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز کی زیرنگرانی نادہندگان کے خلاف مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں مہم کے 199 ویں روز 298 نا دہندگان سے7.39 ملین روپے سے زائد کی وصولی کرلی گئی ہے۔دریں اثناءچیف ایگزیکٹو انجینئرشاہد حیدرکی زیرصدارت گزشتہ روز لیسکو ہیڈکوارٹر میں ای کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں فیس بک کے لائیو سیشن کے ذریعے صارفین کی شکایات سنیں اور شکایات کے فی الفور ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے۔ یسکو کی جانب سے منعقد کی جانے والی ای کچہری میں ریجن کے تمام سرکلز کے صارفین بھی اپنے مسائل کے بروقت حل کے لئے بھرپور شرکت کرتے ہیں۔چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے ای کچہری میں موصول ہونے والی شکایات پر متعلقہ افسران کو فی الفور ہدایات جاری کیں۔ لیسکو چیف نے تمام سرکل سربراہان کو ہدایات جاری کیں کہ سیفٹی ہیزرڈ بننے والی تاروں کو فوری تبدیل کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنا یا جائے کہ صارفین کو ان کی ریڈنگ کے مطابق بل جاری ہوںاور صارفین کی شکایات کے ازالے کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔انہوںنے صارفین سے بھی درخواست کی کہ بجلی کی بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے اپنے بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کریں۔ واضح رہے کہ ہر ماہ لیسکو چیف اپنی ٹیم کے ہمراہ فیس بک پیج LESCO PMDU کے ذریعے عوام کی شکایات وصول کرتے ہیں جن کے فی الفور ازالے کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جاتا ہے۔
بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن، مزید 8 ملزمان گرفتار ،صارفین کیلئے چیف ایگزیکٹو کی کھلی کچہری

















