لاہور (مقصودخالد)جناح ہسپتال ٹرانسپورٹ سیکشن میں اختیارات کی جنگ ہسپتال انتظامیہ فٹ بال بن کر رہ گئی۔ تفصیلات کے مطابق جناح ہسپتال لاہور ٹرانسپورٹ سیکشن اختیارات کی جنگ میں ہسپتال انتظامیہ دوہرے پن کا شکار، 15 دنوں میں اپنے ہی احکامات پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہوگئی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 11 ڈرائیورز نے سینئر ہیڈ ڈرائیور کے زیرسایہ کام نہ کرنے کی ہسپتال انتظامیہ کو تحریری درخواست دیدی۔ ہسپتال انتظامیہ سیاسی دباو کی بنا پر تین بار اپنے ہی احکامات پر عملدرآمد کرنے میں ناکام دکھائی دینے لگی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ چند روز قبل ایک اہم شخصیت کے کہنے پر ہسپتال انتظامیہ نے اللہ دتہ کے دوبارہ آرڈر کروا لئے مگر ہسپتال انتظامیہ سیاسی اثر ورسوخ کی وجہ سے مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ہسپتال میں عرصہ دراز سے کھڑی سرکاری ایمبولینس میں پٹرول کے نام پر لوٹ مار کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ہسپتال کی ایک اہم شخصیت نے نام نہ ظاہر کرنے پر بتایا کہ جس طرح سیکرٹری صحت نے پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں مالی بے ضابطگیوں پر ہیلتھ پروفیشنلز سٹاف اور فارماسسٹوں کو معطل کرکے انکے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کیا ہے اسی طرح جناح ہسپتال کے ٹرانسپورٹ سیکشن اور باقی تمام ہسپتالوں کے ٹرانسپورٹ سیکشن کا سپیشل آڈٹ کرکے مالی بے ضابطگیوں کے الزامات ثابت ہونے پر انتظامی افسران کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کیا جائے کیونکہ ہسپتال میں پرکشش سیٹوں پر تعینات افسران ملازمین سے اپنی ذاتی گاڑیوں میں پٹرول ڈلواتے ہیں اور حکومت پنجاب کو کروڑوں روپے کا چونا لگاتے ہیں۔
جناح ہسپتال، ٹرانسپورٹ سیکشن میں اختیارات کی جنگ، انتظامیہ دوہرے پن کا شکار
















