لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع نے کہا ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت مہنگائی اور گرانفروشی کے خاتمے کیلئے میدان عمل میں ہے، تاریخ ساز رمضان پیکج کے بعد اشیا ئے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اپنے آفس میں ملاقات کیلئے آئے لوگوں سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے بڑا اقدام ہے،روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا،پرائس کنٹرول کے ادارے روٹی 16روپے اور نان کی 20روپے میں فروخت یقینی بنائیں،فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے،صوبے بھر میں عوام کی فلاحی سکیمیں تیزی سے آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صنعتی انقلاب برپا کرکے معیشت کو مستحکم کریں گے،نئی سرمایہ کاری لاکر روزگار کے مواقع بڑھائیں گے،صوبے کوحقیقی معنوں میں معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے،ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پالیسیوں کو آسان اور سرمایہ کار دوست بنایا جائے گا۔
پرائس کنٹرول ادارے روٹی 16، نان کی 20 روپے میں فروخت یقینی بنائیں :چوہدری شافع
















