ایف بی آر نے18 لاکھ نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد (بیورورپورٹ)آئی ایم ایف کی اہم شرط پر عمل درآمد کا آغاز، چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس سسٹم ٹھیک کرنے کی ٹھان لی، ایف بی آر نے ٹیکس چوری میں ملوث18 لاکھ افراد کی سمیں بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، چیئرمین ایف بی آر نے منظوری دےدی،ایف بی آر حکام کے مطابق ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے اب ٹیکس ریڈار میں ہوں گے، زیادہ آمدن کے باوجود ٹیکس نہ دینے والوں کےخلاف بڑا ایکشن ہوگا،ذرائع کے مطابق سال 2022 کے مقابلہ میں 2023 میں 18 لاکھ لوگوں نے اپنی انکم ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کی، جنوری کے بعد نان فائلرز کو گوشوارے جمع کرانے کےلئے مواقع دیئے گئے، کارروائی کا آغاز جنوری 2024 میں ہونا تھا جسے اب عید کے بعد شروع کیا جائے گا،ایف بی آر ذرائع کے مطابق ملک بھر کے 18 لاکھ نان فائلرز کے موبائل فون سم کارڈ بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چیئرمین ایف بی آر نے نان فائلرز کے سم کارڈ بلاک کرنے کی منظوری دےدی، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رولز بنا کر متعلقہ افسران کو بھیج دیئے،ایف بی آر نے فیلڈ فارمیشنز کو 2023 میں انکم ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں کا ڈیٹا جمع کرانے کی ہدایت کر دی، ایف بی آر نے فیلڈ فارمیشن کو ہدایات دی ہیں کہ تمام چیف کمشنرز نان فائلرز کی فائنل لسٹ مرتب کر کے بھیجیں،ذرائع نے کہا ہے انکم ٹیکس قانون میں ایف بی آر کے پاس نان فائلرز کے سم کارڈ کے علاوہ بجلی کے کنکشنز منقطع کرنے کے اختیارات ہیں، ملک میں 145 ڈسٹرکٹ ٹیکس آفیسرز کو خصوصی اختیارات دے دیئے گئے،ایف بی آر کے مطابق نان فائلرز کےخلاف سیکشن 114بی حرکت میں آئے گا، ٹیکس قوانین پر عمل نہ کرنے والوں کیخلاف ایکشن لیا جائے گا، ملک بھر کے 18 لاکھ ٹیکس ڈیفالٹر اور نان فائلرز کےخلاف کارروائی ہوگی۔