لاہور(ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں سی او اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی شعیب جاوید حسین نے ملاقات کی۔اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سی او سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی شعیب جاوید حسین کے درمیان ہیلتھ انشورنس پروگرام میں مزید بہتری لانے کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہیلتھ انشورنس پروگرام میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ صحت کارڈ کا منصوبہ میاں نواز شریف نے سب سے پہلے شروع کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف ہیلتھ انشورنس پروگرام کے حقیقی ثمرات عام عوام تک پہنچانا چاہتی ہیں۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ موجود ہیلتھ انشورنس پروگرام میں نقائص کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام کو عام عوام کیلئے سود مند بنائیں گے۔ اصلاحات کے بعد بزنس نجی سے سرکاری شعبہ میں آنا شروع ہو گیا ہے۔ سی او اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی شعیب جاوید حسین نے کہاکہ ہیلتھ انشورنس پروگرام کے حوالے سے حکومت پنجاب کے ساتھ مکمل کوآرڈی نیشن میں ہیں۔ دریں اثناصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں اجلاس منعقدہوا۔ خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسیز کی استعدادکار بڑھانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا۔وائس چانسلرز پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل اور پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے اس حوالے سے انتہائی عمدہ تجاویز پیش کیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں انشاءاللہ سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنائیں گے۔ سرکاری ہسپتالوں میں شام کے اوقات میں ڈاکٹرز کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ سینئر رجسٹرارز کی سیٹوں پر بھرتی کے عمل کا فوری آغاز کریں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ یکم مئی کے بعد سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ایچ آر کی تفصیلات لینے کے بعد ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کے عمل کو شروع کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی طرز پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں بھی ایمرجنسی میڈیسن کے شعبہ کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔ وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ تھیلیسیمیا کی بیماری پر قابو پانے کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کو خود کفیل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں علاج سمیت دیگر سہولیات کے معیار میں بہتری لانا چاہتے ہیں۔
ہیلتھ انشورنس پروگرام میں نقائص دور کرنے کی ضرورت ہے:خواجہ سلمان رفیق
















