انسداد سموگ کیلئے ایکشن پلان مرتب ،6 جون سے پلاسٹک بیگز پر پابندی

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پرسینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ،لانگ ،شاٹ اور مڈ ٹرم بنیادوں پرانسداد سموگ سیکٹورل ایکشن پلان مرتب کیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا فوری پورے فریم ورک کےساتھ سیکٹروائز کام کیا جائے،انسداد سموگ کےلئے شعبہ جاتی سطح پر عوام اوراینٹی سموگ زرعی آلات وکرشرز کے استعمال پر عملدرآمد کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے گی،انڈسٹری کی مکمل میپنگ وزوننگ،سولر پروگرام کے تحت سرکاری عمارتوں کو سولرائز کیا جائے،ہاﺅسنگ سوسائٹیز سمیت وزیرتعمیر مقامات پر ڈسٹ مینجمنٹ ،ٹری پلانٹیشن ،واٹرٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب کیلئے اقدامات کیے جائیں،ہر سیکٹر کمیونی کیشن یونٹ بنائے،کمیونی کیشن سٹریٹیجی پر کام کریں۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہاوزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی ہدایت پر سموگ پر قابو پانے کا پہلا سیکٹر وائز ایکشن پلان مرتب کر لیا ،وزارتوں ،محکموں کے معینہ مدت میں ٹارگٹ کے حصول کےلئے ٹاسک بھی مکمل کر لئے ،ٹرانسپورٹ ، زراعت، صنعت، توانائی شعبوں میں ماحول دوست اور آلودگی کے خاتمے کےلئے پہلی بار جامع مرحلہ وار پروگرام پر عملدرآمد ہوگا،صوبے میں مقامی سطح پر سولرپینلز تیار ی پر رعایت ،حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

مریم اورنگزیب نے کہا وزیر اعلیٰ نے ہدف مقرر کر دیا 6جون سے پنجاب میں پلاسٹک بیگز پر پابندی ہوگی، لاہور قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد، سیالکوٹ ، نارووال میں صنعتوں سے دھوئیں کے اخراج کے خاتمے ،فصلوں ،زرعی فضلات کو جلانے،صنعتوں میں غیر معیاری ایندھن استعمال کرنے پر پابندی کا پلان بھی شامل ہے،پنجاب میں 31دسمبر تک ایندھن کی ٹیسٹنگ لیبارٹری بنا دی جائے گی، کسانوں کو فصلیں ،باقیات تلف کرنے کےلئے جدید مشینری دینگے۔