اسلام آباد (مشرق نیوز) حکومت نے ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن سکیم کے تحت پہلی بار اشیا برآمد کرنے پر ٹیکسز میں چھوٹ دینے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی حکومت نے ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن سکیم کے تحت پہلی مرتبہ اشیا برآمد کرنے والے برآمد کنندگان کو مشروط طور پر ڈیوٹی و ٹیکسوں کے بغیر خام مال اور مشینری و آلات منگوانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پہلی مرتبیہ ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن سکیم کے تحت برآمد کرنے والے برآمدکنندگان کو خام مال اور مشینری و آلات کی درآمد کیلئے ریگولیٹری کلکٹریٹ سے منظوری لینا ہوگی۔ برآمد کنندگان سالانہ برآمدی ویلیو کے 50 فیصدمالیت کے برابر تک مشینری و آلات درآمد کرسکیں گے۔ ایک ملین ڈالر مالیت سے زائد کے برآمدی کنٹریکٹ پر ڈیوٹی و ٹیکس کے بغیر خام مال کی درآمد کی منظوری چیف کلکٹر سے لینا ہونگی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن سکیم کے تحت پہلی مرتبہ اشیا برآمد کرنیو الے برآمد کنندگان کو مشروط طور پر ڈیوٹی و ٹیکسوں کے بغیر خام مال اور مشینری و آلات منگوانے کی اجازت دینے کیلئے کسٹمز رولز میں ترامیم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے ایف بی آر نے کسٹمز رولز کا مسودہ تیار کرکے سٹیک ہولڈرز سے آرا کیلئے جاری کردیا ہے اور تمام سٹیک ہولڈرز سے کہا گیا ہے کہ 15 دن کے اندر اندر اپنی آرا و اعتراضات جمع کرواسکتے ہیں۔ مقررہ میعاد کے بعد موصول ہونے والی آرا و اعتراضات کو قبول نہیں کیا جائے گا اور گزٹ نوٹی فکیشن کے ذریعے ان ترمیمی رولز کو لاگو کردیا جائیگا۔ اس بارے میں ایف بی آر حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن سکیم 2021 میں متعارف کروائی گئی تھی، اب اس اسکیم میں کچھ ترامیم کی جارہی ہیں، جس کے تحت ایسے برآمد کنندگان جنہوں نے پہلے کبھی کسی ایکسپورٹ فنانسنگ سکیم سے فائدہ نہیں اٹھایا ہوگا یا ایکسپورٹ سکیم کے تحت برآمدات نہیں کی ہوں گی وہ اگر اس سکیم کے تحت پہلے مرتبہ اشیا برآمد کرنے جارہے ہیں تو انہیں ان برآمدی اشیا کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال اور انکی تیاری کیلئے استعمال ہونیوالی مشینری و آلات کی درآمد کیلئے شرائط عائد کی گئی ہیں اور ان شرائط کو پوری کرنے پر انہیں ڈیوٹی و ٹیکسوں کے بغیر خام مال درآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔
دستیاب مجوزہ ترمیمی رولز کی کاپی کے مطابق پہلی مرتبہ برآمدات کرنے والے برآمد کنندگان کو ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن سکیم کے تحت ڈیوٹی و ٹیکسوں کے بغیر خام مال درآمد کرنے کیلئے ریگولیٹری کلکٹریٹ سے پیشگی منظوری لینا ہوگی اور یہ ریگولیٹری کلکٹر کی ذمے داری ہوگی کہ وہ متعلقہ برآمد کنندگان کی پیداواری صلاحیت اور مالی پوزیشن چیک کرکے اطمینان کرنے کے بعد ریگولیٹری منظوری جاری رے گا جس میں وہ یہ چیک کرے گا کہ کیا متعلقہ برآمد کنندگان نے اس سے پہلے کسی ایکسپورٹ اسکیم سے فائدہ اٹھایا ہے یا نہیں اور برآمد کنندہ جتنا خام مال درآمد کرنا چاہتا ہے کیا اس کے مطابق اس کی پیدواری صلاحیت ہے یا نہیں۔
اس کے علاوہ مجوزہ رولز میں کہا گیا ہے کہ نئے برآمد کنندگان کی طرف سے جو ڈیوٹی و ٹیکسوں کے بغیر مشینری و آلات درآمد کیے جائیں گے ان کی مالیت برآمد کنندہ کی سالانہ برآمدات کی ویلیو کے 50 فیصد سے زائد نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ نئے برآمد کنندگان کی طرف سے جو مشینری و آلات درآمد کیے جائیں گے وہ اسی جگہ پر نصب ہوں گے جو اس نے اپنی سیلز ٹیکس رجسٹریشن کرواتے وقت اپنے سیلز ٹیکس گوشواروں میں کاروباری جگہ ظاہرکررکھی ہے۔ اسی طرح اگر کسی نئے برآمد کنندہ کی درآمدی خام مال یا مشینری و آلات کی مالیت 10 لاکھ ڈالر سے زائد ہوگی تو اس کیلئے متعلقہ چیف کلکٹر سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔
فیسلی ٹیشن سکیم کے تحت پہلی بار اشیا برآمد کرنے پر ٹیکسز میں چھوٹ دینے کا فیصلہ

















