سپیکر کے پی مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لیں:پشاور ہائیکورٹ

پشاور:(بیورورپورٹ)پشاور ہائیکورٹ نے سپیکر کے پی اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر نومنتخب اراکین سے حلف لینے کی ہدایت کردی۔

دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل نے کہا حلف سے انکار نہیں کیا ، عدالت نے پوچھا آپ کب اجلاس بلانے کی ریکوزیشن کر رہے ہیں؟ ایڈووکیٹ جنرل نے کہاابھی تک کوئی اطلاع نہیں ، شاید کابینہ اجلاس میں کوئی فیصلہ ہو،عدالت نے کہا ایسا لگ رہا ہے 2 اپریل تک آپ اجلاس نہیں بلائیں گے۔

عدالت نے سماعت مکمل ہونے پر سپیکر صوبائی اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر نومنتخب اراکین اسمبلی سے حلف لینے کی ہدایت کردی،بعدازاں2رکنی بنچ نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہامخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کاحلف آئینی حق ہے،سپیکر آئینی ذمہ داری پوری کرےں۔