شمالی وزیرستان (مشرق نیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوگئے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرائی اور اس کے بعد متعدد خودکش حملے کئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملوں کے نتیجے میں عمارت کا ایک حصہ گر گیا، خودکش حملوں کے دوران 5 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ ترجمان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں 6 دہشت گردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل کاشف نے تمام 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور کیپٹن محمد احمد بدر نے جام شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والے 39 سال کے لیفٹیننٹ کرنل کاشف کا تعلق کراچی اور 23 سال کے کیپٹن محمد احمد بدر کا تعلق تلہ کنگ سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں حوالدار صابر، نائیک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد بھی شامل ہیں۔ شہید حولدار صابر کا تعلق ضلع خیبر اور نائیک خورشید کا تعلق لکی مروت سے ہے جبکہ شہید سپاہی ناصر کا تعلق پشاور اور سپاہی راجہ کا تعلق کوہاٹ سے ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید سپاہی سجاد کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
میر علی میں حملے، لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 شہید، تمام 6 دہشت گرد جہنم واصل


















