ہر شہری کو معیشت میں شرکت کیلئے بااختیار بنانا ہمارا مشن ہے: گورنر سٹیٹ بینک

کراچی (بیورو رپورٹ) بینک دولت پاکستان کے گورنرجمیل احمد نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک اس بات کو مکمل طو ر پر تسلیم کرتا ہے کہ مالی خدمات تک رسائی ایک بنیادی حق ہے اور ہر شہری کو معیشت میں شرکت کیلئے درکار معلومات اور آلات کی فراہمی کے ذریعے بااختیار بنانا سٹیٹ بینک کا مشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو لرننگ ریسورس سینٹر، سٹیٹ بینک آف پاکستان کراچی میں منعقد ہونے والے پاکستان مالی خواندگی ہفتے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کلیدی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس ہفتے کا موضوع ”ڈیجیٹل بینکاری ، فوری اور آسان “ ہے۔ تقریب میں کمرشل بینکوں کے صدور اور چیف ایگزیکٹو افسران، ورلڈ بینک ، الائنس فار فنانشیل انکلوژن کے سینئر حکام اور دیگر فریقوں نے شرکت کی۔گورنرسٹیٹ بینک نے کہا کہ شمولیت پر مبنی مالی شعبہ نہ صرف بینکاری کی صنعت کی مجموعی ترقی کیلئے اہمیت کا حامل ہے بلکہ زرعی پالیسی کی ترسیل کے ذرائع میں اضافہ کرتا ہے اور اس کی اثرانگیزی کو بھی بڑھاتا ہے۔ جمیل احمد نے مزید کہا کہ سٹیٹ بینک ہمیشہ عوام اور کاروباری اداروں کو مالی خدمات کی دستیابی اور استعمال کو بڑھانے کیلئے مسلسل کوشاں رہا ہے ، تا کہ ان کی مالی خدمات کی ضروریات شفاف اور باعزت انداز میں پوری کی جا سکیں۔معاشرے کے بینکاری خدمات سے محروم اور کم بینکاری سہولتوں کے حامل افراد کو مالی خدمات کی فراہمی بڑھانے کے اہم اقدامات میں قومی حکمت عملی برائے مالی شمولیت، قومی مالی خواندگی پروگرام اور برابری پر بینکاری پالیسی جیسی قومی سطح کی حکمت عملیوں اور پالیسیوں پر عملدرآمد شامل ہیں۔