برطانیہ کے تجارتی خریداروں کو پاکستانی مارکیٹ میں متعارف کرانا چاہتے ہیں :ہائی کمیشن

لاہور (کامرس رپورٹر) برطانیہ کے 40 رکنی اعلی سطحی وفد نے لاہور چیمبر کا دورہ کیا اور پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ بی ٹو بی میٹنگز کیں۔ برطانوی ہائی کمیشن کے ایڈوائزر برائے ریجنل ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ فیبین ہارٹ ویل وفد کی قیادت کررہے تھے ۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے وفد کا پرتپاک استقبال اور خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ اس موقع پر گریٹر برمنگھم چیمبر آف کامرس کے صدر ناصر اعوان، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، سابق صدر شاہد حسن شیخ اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔وفد کے سربراہ نے کہا کہ برطانوی ہائی کمیشن باہمی تجارت کو فروغ دینے کیلئے برطانیہ کے تجارتی خریداروں کو پاکستانی مارکیٹ میں متعارف کرانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت کا حجم پوٹینشل کے مطابق نہیں، بطور ٹریڈ ڈویلپمنٹ ایڈوائزر، ان کا مینڈیٹ تجارت کو ترقی دینا اور برطانیہ ودیگر ممالک کو برآمدات بڑھانے میں پاکستان کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت ہی واحد ذریعہ ہے جسے غربت کے خاتمے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک کے امیج کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر نے برطانوی نجی شعبے کے ساتھ اچھے ورکنگ تعلقات کو ہمیشہ بہت اہمیت دی ہے، دوطرفہ تجارتی تعلقات مستحکم کرنے کیلئے بی ٹو بی روابط ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک اور پاکستان مصنوعات کیلئے تیسری بڑی برآمدی منڈی ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ برطانیہ کو پاکستانی برآمدات میں ٹیکسٹائل کا حصہ نمایاں ہے۔ دوطرفہ تجارتی حجم کم از کم 10 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہئے، اس سلسلے میں ٹیکسٹائل، دستکاری، زراعت، خوراک و دیگر شعبے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ کاشف انور نے کہا کہ پاکستان اپنی بہترین ٹیکسٹائل مصنوعات کیلئے مشہور ہے، ہینڈی کرافٹس ایک ایسا شعبہ ہے جہاں پاکستان شاندار ثقافتی ورثہ اور مہارت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زرعی پیداوار، پھل، سبزیاں، مصالحے اور چاول وغیرہ اپنی تازگی، ذائقے اور معیار کیلئے مشہور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قالین اور فرنیچر بھی معیار کے حوالے سے بے مثال ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ بریگزٹ کے بعد بھی برطانیہ نے اسی سطح کی مارکیٹ رسائی دی ہے جیسا کہ یورپین یونین کی جی ایس پی پلس سکیم کے تحت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاحت کے شعبے میں بھی مشترکہ منصوبہ سازی کے وسیع مواقع ہیں۔ آئی ٹی کے شعبے میں بھی دونوں ممالک تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔