غربت، بیروزگاری کے خاتمے کیلئے ملکر جدوجہد کرنا ہوگی،شہبازشریف

لاہور: ( خبر نگار) صدر ن لیگ ونامزد وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے تمام صوبوں کی ترقی میرے دل کے قریب ترین ہے،معاشی استحکام کےلئے تمام تر اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے کاوشیں کرنا ہوں گی، ملک میں معاشی استحکام کےلئے سیاسی استحکام نہایت ضروری ہے۔

اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہاسیاسی و معاشی استحکام کیلئے باہمی اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی، سادگی و کفایت شعاری کو اپناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا ہوں گے، بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سیاسی استحکام و پرامن فضا بے حد اہمیت کی حامل ہے۔

صدر ن لیگ نے کہاپاکستان تبھی خوشحال ہوگا جب تمام اکائیاں خوشحال ہوں گی، تمام صوبوں کی ترقی میرے دل کے قریب ترین ہے،پہلے بھی معاشی ترقی و استحکام کی روشن مثال قائم کی اور اب بھی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے عملی و ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے، زندہ قومیں چیلنجز و مشکلات کا سامنا بہادری و محنت سے کرتی ہیں، باہم متحد ہو کر آگے بڑھ کر مسائل حل کریں گے۔

شہبازشریف نے کہااپنے دور حکومت میں پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر اربوں کی بچت کر کے کفایت و بچت کا نیا ریکارڈ قائم کیا، نوازکا دور ترقی و خوشحالی کا سنہری دور تھا، قائد عوام کی مدبرانہ قیادت میں ملک کو خوشحالی و ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے،غربت، بیروزگاری اور جہالت کے خاتمے کیلئے ملکر جدوجہد کرنا ہوگی۔