لاہور (ہیلتھ رپورٹر) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے ملحقہ میو کینسر کئیر ہسپتال مناواں میں کینسر آگاہی واک اور سیمینار کا اہتمام کیاگیا۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ واک اور سیمینار کا مقصد کینسر کے مرض بارے تربیت و آگاہی دینا ہے۔میو کینسر کئیر ہسپتال کے قیام کا سہرا نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کو جاتا ہے۔ امید ہے کہ نئی حکومت کے آنے پر اس ہسپتال کو مزید وسعت دی جائے گی۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان میں منہ کا کینسر عام ہے جس کی وجہ گٹکا، پان اور چھالیہ ہے۔ خواتین میں بریسٹ کینسر کی بڑی وجہ بچوں کو بریسٹ فیڈنگ کا نہ کروانا ہے۔ ایک ماں اپنے بچے کو دودھ پلاتی ہے تو کینسر کے 50 فیصد امکانات کم ہو جاتے ہیں۔ نگران صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت میں ڈاکٹرز کا کردار قابل قدر ہے۔ میرے لئے وزیر سے زیادہ ایک ڈاکٹر اور استاد ہونا فخر کی بات ہے۔انہوں نے کہاکہ نومولود بچوں کی قبل از وقت پیدائش ہونا پاکستان میں 27 فیصد ہے۔موٹاپے کی وجہ سے کینسر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ پاکستان میں ذیابیطس، بلڈ پریشر اور کینسر کے امراض عام ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ آنے والے دنوں میں کم از کم 25 ارب روپے میو کینسر کئیر ہسپتال کیلئے مختص کئے جائیں۔ کینسر کئیر ہسپتال کے قیام کیلئے پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر وسیم حیات اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک دن میو کینسر کئیر ہسپتال کینسر کے امراض کیلئے دنیا کا بہترین ہسپتال بنے گا۔ دریں اثناءنگران صوبائی وزیر صحت نے ایکسپو سینٹر میں 16 ویں پاک فارما اینڈ ہیلتھ ایکسپو نمائش اور کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر فارما سیو ٹیکل کمپنیوں کی جانب سے مختلف پراڈکٹس کے سٹال لگائے گئے۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان میں فارما انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ ترقی کے مواقع حاصل ہونے چاہئیں۔پاکستان میں جدید علاج و معالجہ کیلئے فارماسیوٹیکل کمپنیاں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کانفرنس کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دی۔
ایک دن میو کینسر کئیر ہسپتال دنیا کا بہترین ہسپتال بنے گا:ڈاکٹر جاوید اکرم
















