لاہور ( خبر نگار) صارفین بجلی کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے لیسکوچیف ایگزیکٹو کی جانب سے ای کچہری کا انعقاد کیا گیا، چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے گزشتہ روز ای کچہری میں فیس بک کے لائیو سیشن کے ذریعے صارفین کی شکایات سنیں اور شکایات کے فی الفور ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ گزشتہ روز منعقد ہونے والی لیسکو کی ای کچہری میں مختلف نوعیت کی شکایات موصول ہوئیں جن میں زیادہ تر شکایات نئے میٹرز کی تنصیب اور خراب میٹروں کی تبدیلی میں تاخیر سے متعلق شامل ہیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے موصول شدہ شکایات پر متعلقہ افسران کو فی الفور ہدایات جاری کیں۔ لیسکو چیف نے تمام افسران پر زور دیا کہ صارفین کی شکایات کے ازالے کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔لیسکو چیف نے صارفین سے بھی درخواست کی کہ بجلی کی بلاتعطل سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے اپنے بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کریں۔واضح رہے ہر ماہ لیسکو چیف اپنی ٹیم کے ہمراہ فیس بک پیج LESCO PMDU کے ذریعے عوام کی شکایات وصول کرتے ہیں جن کے فی الفور ازالے کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جاتا ہے۔ ای کچہری کے دوران صارفین کا اپنے پیغامات میں کہنا تھا کہ لیسکو چیف کامیاب ای کچہری کے انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی وجہ سے صارفین کو اپنی شکایات کے بروقت ازالے کیلئے ایک ایسا فورم ستیاب ہے جہاں وہ باآسانی بنا دفاتر کے چکر لگائے اپنی شکایات کو درج کرواکر ریلیف حاصل کرسکتے ہیں۔ دوسری طرف وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ انسداد بجلی چوری مہم کو155 مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل53 ہزار 285 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 49 ہزار92 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر 17 ہزار 554 ملزمان کو گرفتار بھی کرکیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 30 لاکھ 81 ہزار 648 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2ارب 80 کروڑ91 لاکھ 35 ہزار 797 روپے ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 423 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے182 کیخلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں18 کمرشل،2 زرعی اور403 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشن منقطع کرکے انکو 7لاکھ 64 ہزار 648 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت ایک کروڑ 25 لاکھ 77 ہزار 164 روپے ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشن بھی منقطع کئے گئے اور انکو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کیساتھ ساتھ انکی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ علاوہ ازیں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز رائے اصغر کی زیرنگرانی نادہندگان کیخلاف مہم جاری، اس سلسلے میں چیف انجینئرز تحصیلداروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ 150 روز سے جاری مہم کے دوران79367 ڈیفالٹرز سے 2ارب34 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کرلی گئی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ نا دہندگان کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، ان کیخلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہیگا۔
لیسکو افسران صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کریں: انجینئر شاہد حیدر
















