حیدرآباد (بیورو رپورٹ) نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہاہے کہ پاکستانی حجاج سعودی عرب میں اپنے ملک کے وقار میں اضافہ کریں اور اپنے طرز عمل سے ایک مہذب قوم ہونے کا ثبوت دیں،میدان عرفات میں ملک کے استحکام و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کریں،حیدرآباد میں پہلی حج تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عازمین حج سے کہا کہ حج خود سے خدا تک کے سفر کا نام ہے۔ حج تربیتی ورکشاپس میں مناسک حج کیساتھ ساتھ انتظامی امور کی تربیت کا بھی خاص اہتمام کیا گیا ہے۔ تمام عازمین حج کیلئے تربیت حاصل کرنا لازم ہے۔وفاقی وزیرنے کہاکہ امسال حاجیوں کو ماضی کے مقابلے میں زیادہ اور بہتر سہولتیں دی جا رہی ہیں۔حاجیوں کیلئے پیکیج میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک لاکھ روپے کم رکھے گئے ہیں۔حاجیوں کیلئے ایپ بنائی ہے جو حاجیوں کیلئے بہت مفید ہوگی۔ حاجیوں کو حکومت کی جانب سے فری موبائل فون سم، ایک بریف کیس اور خواتین کو عبایا دیئے جائیں گے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 ہزار 600 سے زائد درخواستیں آئیں جن کیلئے قرعہ اندازی کی گئی۔ انیق احمد نے کہا کہ حاجیوں کو سعودی عرب قیام کے دوران پاکستانی حجاج پاکستان کے وقار میں اضافہ کریں۔ تمام عازمین حج پاکستان کے سفیر ہیں۔ حجاج دعاﺅں میں پاکستان میں امن استحکام اور سالمیت کی بھی دعا کریں۔
پاکستانی حجاج سعودی عرب میں اپنے ملک کے وقار میں اضافہ کریں :انیق احمد
















