لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انورنے کہا ہے کہ پولیس دفاتر کی اپ گریڈیشن اورانفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کا مقصد شہریوں کیلئے سروس ڈلیوری کو مزید آسان اور تیز تر بنانا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ صوبے کے تمام تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پروٹوکول پر اپ گریڈیشن کے بعد سمارٹ پولیس سٹیشنوں کی تعمیر کا کام تیزی سے مکمل کیاجارہا ہے، دفاتر کی اپ گریڈیشن اور ورکنگ ماحول بہتر ہونے سے فورس کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قربان لائنز اپارٹمنٹس سمیت مختلف پولیس دفاتر کے دورے کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے ایس ایس پی ٹیلی کمیونی کیشن کو ون لاہور پولیس اپارٹمنٹس کی تزئین و آرائش کے بارے میں ہدایات دیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی آئی جی ٹیکنیکل اور ڈی آئی جی وی وی آئی پی سکیورٹی کے دفاتر میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر عثمان انور کی ڈی آئی جی ٹیلی کمیونی کیشن اینڈ ٹرانسپورٹ آفس اور لاجز کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی،ڈی آئی جی ٹیلی اینڈ ٹرانسپورٹ عمران احمر نے آئی جی پنجاب کو تعمیراتی کاموں بارے بریفنگ دی،بعد ازاں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لوئر مال میں زیر تعمیر سنٹر فار پبلک سیفٹی کے تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا۔
پولیس دفاتر میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کا مقصد سروس ڈلیوری کی بہتری ہے:آئی جی پنجاب

















