الیکشن کے روز درخواست آئی تو انٹرنیٹ سروس بند کرنے پرغور کیا جائیگا،وفاقی وزرا

اسلام آباد ،لاہور(بیورو رپورٹ،خبر نگار) وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ تمام تر قیاس آرائیوں کے باوجود انتخابات ہورہے ہیں، تمام جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دیں گے، نگراں حکومت نے انتخابات کےلئے ذمہ داریاں پوری کیں، آئین کے مطابق ملک منتخب نمائندے چلائیں گے۔ کراچی، بلوچستان جا کر صورتحال دیکھی، کراچی کا واقعہ بھی بہت افسوسناک تھا، بلوچستان میں دہشت گرد صرف پاکستان کا نام خراب کررہے ہیں، ایک ہینڈ گرنیڈ پھینک کر کہتے ہیں پاکستان میں امن کی فضا ٹھیک نہیں، خیبرپختونخوا میں لوگ نکلیں اور حق رائے دہی استعمال کریں، ابھی تک کسی جگہ موبائل یا انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا البتہ سکیورٹی حالات کے پیش نظر کسی ضلع یا صوبے کی درخواست آئی تو انٹرنیٹ سروس بند کرنے پرغور کیا جائیگا۔

وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعجاز گوہر نے کہا انتخابات پرامن ہوں گے، 12 کروڑ سے زائد پاکستانی ووٹ کاسٹ کریں گے، تمام چیزیں ٹریک پر ہیں، باجوڑ واقعہ کی تحقیقات کرائیں،تمام کارروائی ڈرانے کیلئے کی جارہی تھی، بلوچستان میں الیکشن امیدواروں میں کسی قسم کا تناو¿ نہیں دیکھا، بلوچستان میں 3 سطح کی سکیورٹی کا انتظام کیا ،پولیس، سول آرمڈ فورسز اور فوج شامل ہے، سندھ میں الیکشن لڑنے والی جماعتیں برسوں سے ایک دوسرے کو جانتی ہیں، سب کیلئے پیغام ہے مسلح افواج، سول آرمڈفورسز اور پولیس کھڑی ہیں، کوئی قانون ہاتھ میں نہ لے۔

وزیر داخلہ نے کہا ہر پولنگ سٹیشن پرکم از کم 7 سے 8 قانون نافذکرنے والے افراد تعینات ہوں گے، انتخابات میں 3 لیول پر سکیورٹی لگائی جا رہی ہے، پاک فوج کے دستے کیو آر ایف کے طور پر تعینات ہوں گے، خیبرپختونخوا میں لوگ نکلیں اور حق رائے دہی استعمال کریں، نہیں چاہیں گے ایسا ماحول پیدا ہو لوگ ووٹ نہ ڈال سکیں، شہریوں کی حفاظت فرض ہے، ہر قدم میرٹ پر اٹھائیں گے، ابھی تک کسی جگہ موبائل یا انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا، سکیورٹی حالات کے پیش نظر کسی ضلع یا صوبے کی درخواست آئی تو انٹرنیٹ سروس بند کرنے پر غور کیا جائےگا۔

نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا قیاس آرائیوں کے باوجود الیکشن ہورہے ہیں کیونکہ آئین کے دیباچے میں لکھا ہے ملک منتخب نمائندے چلائیں گے، 2018 کے انتخابات 2008 اور 2013 کی نسبت زیادہ پرامن تھے، پھر بھی 2018 میں 666 لوگ جان سے گئے، 2013 میں صورتحال زیادہ خراب تھی، 2008 میں بےنظیر بھٹو کی شہادت کے بعد انتخابات میں ایک مہینہ تاخیر ہوئی۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا الیکشن کے موقع پر موبائل سروس، انٹرنیٹ بند کرنے کی کوئی گائیڈ لائن نہیں دی گئی، کسی جگہ امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی تو مقامی انتظامیہ صورتحال کا جائزہ لیکر فیصلہ کرسکتی ہے، سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں، فیک نیوز اور پروپیگنڈا کیا جاتا ہے جبکہ سکیورٹی سنجیدہ مسئلہ ہے۔ مقامی، غیرملکی صحافیوں، مبصرین کی سہولت کےلئے وزارت اطلاعات نے آن لائن ہیلپ لائن قائم کردی،یقین دلاتے ہیں 8 فروری پولنگ سٹیشن کھلیں گے اور الیکشن ہوں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں الیکشن انتظامات پرخصوصی اجلاس ہوا۔ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ڈے پر انٹر نیٹ سروس، موبائل سروس ہر جگہ چلتی رہے گی اورکسی جگہ بھی انٹرنیٹ وموبائل سروس بند نہیں ہوگی، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی سکیورٹی انتظامات ،نفری ،ایس او پیز کے مطابق ہونے چاہئیں، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، 9 فروری صبح فجر کے بعد فوری طورپر شہروں کی صفائی شروع ،تمام علاقوں سے بینرز، پوسٹرز ہٹا ئے جائیںتمام شہرصاف ستھرے چاہئیں۔

دریں اثنا نگراں وزیر اطلاعات سندھ احمد شاہ نے کہاہے موبائل سروس معطل کرنے کا کوئی معاملہ زیرغور نہیں آیا، ایپکس کمیٹی میں اطلاعات ملیں کچھ لوگ تخریب کاری کا پلان بنا رہے ہیں ایم کیوایم لندن کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔