اسلا م آباد،شہداد کوٹ ،لاہور،پشاور:(بیورورپورٹ،اپنے نمائند ے سے)الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) پر سوالیہ نشان، آر او نے کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھا دئیے۔
ریٹرننگ افسر این اے197 شہداد کوٹ نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو لکھے گئے خط میں کہا ای ایم ایس پر پولنگ سٹاف کی تفصیلات کو اپ لوڈ کیا، ای ایم ایس پر پہلے اپ لوڈ کیے گئے پولنگ سٹاف کے نام غائب تھے،نظام پر سنجیدہ سوالات اٹھ گئے ،ای ایم ایس نظام ناکام ہے یا پھر کوئی اور کنٹرول کر رہا ہے، تحفظات الیکشن کمیشن اور نادرا کو بتائے لیکن مثبت جواب نہیں آیا۔
خط میں کہا گیاای ایم ایس آسانی کی بجائے مشکلات پیدا کر رہا ہے، عام انتخابات کے ہموار انعقاد میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
ریٹرننگ افسرکے خط پر الیکشن کمیشن حکام نے کہا ای ایم ایس تربیتی مشق میں تمام آر اوز نے فارم کامیابی سے اپ لوڈ کیے،کسی آر او کی شکایت سامنے نہیں آئی،ریٹرننگ افسر آئی ٹی سے بالکل نابلد ہے یا کوئی شرارت کی گئی ،تربیت یافتہ اضافی آر اوز کی خدمات بھی لی جا سکتی ہیں۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کےلئے 7لاکھ بیلٹ باکس کا انتظام کر لیا،ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 2لاکھ 76ہزار سے زائد پولنگ بوتھ قائم کئے جا رہے ہیں، ہر پولنگ بوتھ کےلئے 2بیلٹ باکس فراہم کئے جائیں گے۔
ادھر پنجاب کے ایک اور حلقے میں الیکشن منسوخ کردیا گیا،ترجمان کے مطابق پی پی 266 رحیم یار خان میں امیدوار کے انتقال کی وجہ سے الیکشن مو¿خر کیا گیا،شیڈول دوبارہ جاری کیا جائے گا،امیدواروں کو کاغذات نامزدگی دوبارہ جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
مزید برآںالیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر لیگی ،پی پی سمیت متعدد امیدواروں کو نوٹس جاری کردیئے،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسرنے این اے 127 سے ن لیگی امیدوار عطا تارڑ اور پیپلز پارٹی کے پی پی 160 سے امیدوار میاں مصباح الرحمان کو نوٹسز جاری کیے،نوٹس مبینہ ووٹوں کی خرید وفروخت اور الیکشن دفتر پر حملے کے تناظر میں جاری کئے گئے۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے دونوں امیدواروں کو 5فروری کو دستاویزی ثبوتوں کےساتھ طلب کر لیا،انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پرجہانگیر ترین،ملک غضنفر ،طیب ودیگر کو بھی نوٹس جاری کردئیے گئے،الیکشن کمشنر پنجاب نے کہاصوبے بھر میں انتخابی مہم کی مانیٹرنگ کا مربوط نظام بھرپور طریقے سے فعال ہے۔
الیکشن مینجمنٹ سسٹم پر سوالیہ نشان، آر او نے کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھا دئیے
















