پنجاب، انتخابات کی براہ راست مانیٹرنگ کیلئے 29 ہزار کیمرے خریدنے کا معاہدہ

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس نے الیکشن 2024 کے پرامن انعقاد اور پولنگ سٹیشنوں کی مانیٹرنگ سے متعلق اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیف سٹیز اتھارٹی، پی آئی ٹی بی اور این آر ٹی سی میں معاہدہ طے پایا ہے ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی موجودگی میں تینوں اداروں کے نمائندگان نے معاہدے پر دستخط کئے، معاہدے کے مطابق جنرل الیکشن کی مانیٹرنگ کیلئے 29 ہزار کیمرے خریدے جائیں گے، کیمروں کی خریداری پر کل ایک ارب 35 کروڑ روپے لاگت آئیگی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کے بعد خریدے گئے کیمرے حکومت پنجاب کی ملکیت ہوں گے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ نئے کیمرے جدید اور نائٹ ویژن ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے جو الیکشن کی مانیٹرنگ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے میں مددگار ہوں گے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ عام انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے انتخابی عمل کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی یقینی بنائی جائیگی۔