لاہور ( ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزراءصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹرجمال ناصرکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرمحمد اقبال،ڈائریکٹرجنرل ڈرگزکنٹرول ڈاکٹرمحمد سہیل،سیکرٹری پنجاب کوالٹی کنٹرول بورڈڈاکٹرمنورحیات،ڈائریکٹر لائسنسنگ پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن ڈاکٹرانورجنجوعہ،پروفیسرڈاکٹراسداسلم خان،ڈپٹی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن اور صائمہ ریاست نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزراءصحت پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم اور ڈاکٹرجمال ناصر نے اجلاس کے دوران ایوسٹن ٹیکہ کے استعمال کیلئے ماہرین کی سفارشات اور تجاویز پر فیصلے کئے۔نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اعلیٰ سطح کمیٹی نے کوالیفائیڈڈاکٹرزکو مریضوں کیلئے ایوسٹن ٹیکہ لگانے کی اجازت دی ہے۔مریضوں کو ایوسٹن ٹیکہ لگانے سے پہلے تمام بین الاقوامی ایس اوپیزکو فالو کیا جائے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ایوسٹن ٹیکہ کے حوالے سے ایس اوپیزکو یقینی نہ بنانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجمال ناصرنے کہاکہ ایس اوپیزکو یقینی بنائے بغیرکسی کوالیفائیڈڈاکٹرکو ایوسٹن ٹیکہ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن کو ایوسٹن ٹیکہ کے حوالے سے تمام ایس اوپیزپر عملدرآمدکروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈاکٹرجمال ناصر نے کہاکہ مشاہدے کے مطابق ایوسٹن ٹیکہ مریضوں کیلئے کارآمدثابت ہواہے۔کسی غیرمستندپریکٹشنرکو مریضوں کی زندگی کے ساتھ نہیں کھیلنے دیں گے۔
انجکشن ایوسٹن لگانے پہلے بین الاقوامی ایس اوپیزپر عمل کیا جائے :ڈاکٹر جاوید اکرم

















