اسٹیبلشمنٹ کے قریب ہوتا توجیلیں ،نیب کے عقوبت خانے نہ کاٹتا،شہبازشریف

لاہور:( اپنے رپورٹر سے) سابق وزیراعظم وصدر ن لیگ شہبازشریف نے کہاہے پاکستان بچانے کی جنگ میں مقبولیت کھوئی،اسٹیبلشمنٹ کے قریب ہوتا توجیلیں ،نیب کے عقوبت خانے نہ کاٹتا۔

پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں ڈیجیٹل میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا حکومت میں آکر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی خاطر جہاد کیا اب جتنے بھی سروے آئے ہیںنواز شریف کی قیادت میں ن لیگ کی مقبولیت اوپر جارہی ہے ، نواز شریف کے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا ، کیا پی ٹی آئی کے انٹر اپارٹی الیکشن ن لیگ نے کرانے تھے ؟۔

صدر ن لیگ نے کہامیں نے جیلیں کاٹیں، نیب کے عقوبت خانے میں گیا، اگراسٹیبلشمنٹ کے قریب ہوتا تو یہ نہ ہوتا،انتخابات کے فائنل مرحلے میں داخل ہوگئے، 8 فروری کو عوام ووٹ کے ذریعے اپنی تقدیر کا فیصلہ کریں گے، پاکستان کو سیاسی، معاشی و خارجی چیلنجز کا سامنا ہے، احساس ہے پاکستان کو جس مقصد کیلئے بنایا گیا وہ پورا نہیں ہوسکا، پاکستانی قوم میں بے پناہ پوٹینشل ہے، حالات درست سمت میں ہوں تو شبانہ روز محنت کرکے چیلنجز پر قابو پاسکتے ہیں۔

شہبازشریف نے کہا ماضی سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے، اپنے ذاتی مفادات و اختلافات سے بالاترہوکر آگے بڑھنے میں ہی کامیابی ہے، 2018 میں آرٹی ایس سوچے سمجھے پلان کے تحت بٹھایاگیا ،نواز شریف نے 40 سال کی سیاست میں بہت سے اتار چڑھاو¿ دیکھے، پورے خاندان نے صبر کے ساتھ تمام مشکلات برداشت کیں اگر پاکستان دیوالیہ ہوجاتا تو بدترین مشکلات کا شکار ہوتے، ماضی کے رونے دھونے سے کچھ نہیں بنتا بلکہ وقت کا ضیاع ہے اگر ماضی میں جھانک کر سبق حاصل کر کے آگے بڑھنے کا تہیہ کریں توترقی کر لیں گے۔