شر پھیلانے کےلئے لائے گئے فتنے نے قوم کو صرف مارو گھسیٹو ،آگ لگادو کاسبق دیا،مریم نواز

نارووال:(حسن نواز)سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز نے کہاہے ملک میں شر پھیلانے کےلئے لائے گئے فتنے نے قوم کو صرف مارو گھسیٹو ،آگ لگادو کاسبق دیا۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہانواز شریف کےخلاف سازش کرنےوالے گھروں کو چلے گئے ،میدان میں صرف اور صرف ایک لیڈر نوازشریف شیروں کی طرح کھڑا ہے،جتنی سازشیں کیں، جتنا انتقام لیا، جتنا ظلم کیا، ایک ایک کرکے سب اپنے اپنے انجام کو پہنچے،مکافات عمل کے سوا کچھ نہیں،نیازی پورے خاندان سمیت چور ثابت ہوگیا ،بیوی بشریٰ کی گرفتاری پر خوش نہیں ،میں کسی کی تکلیف پہ خوشی نہیں مناتی لیکن ایک نظام آسمان سے بھی چلتا ہے، مجھ پر کوئی چوری کا الزام نہیں تھا، میں بھی کسی کی بیٹی ،ماں تھی سزا صرف اس لیے ملی باپ کا ساتھ کیوں دیا۔

سینئر نائب صدر ن لیگ نے کہابشریٰ پرتوشہ خانہ سے ہیرے جواہرات، ہیروں کے سیٹ، گھڑیاں لےکر چوری کرکے بیچنے کا الزام ثابت ہوگیااگر کوئی وزیراعظم چوری کرتا،وزیراعظم کی بیوی چوری کرتی ہے تو کیا اس لیے چھوٹ دی جائے او رقانون حرکت میں نہ آئے وہ وزیراعظم ہے یا وزیراعظم کی بیوی ہے؟۔

مریم نواز نے کہا یاد رکھنا وقت کبھی ایک جیسا نہیں رہتا،دیکھ لو نواز شریف نے اپنا مقدمہ ثاقب نثار ،عمر عطا بندیال پر نہیں چھوڑا، نواز شریف نے انگلی اٹھا کر کہا تھااپنا مقدمہ اللہ کے پاس لےکر جاوں گا، اپنا مقدمہ عوام پر چھوڑا اور آج نواز شریف سرخرو ہوگیا،کچھ میڈیا والے کہہ ر ہے تھے جلدی جلدی میں مقدمہ چلا، جلد بازی میں فیصلہ کیا گیا، عوام سے پوچھنا چاہتی ہوں کیاجلدی میں فیصلہ کیا گیا ؟ ڈیڑھ 2 سال سے تو تماشا پوری قوم ٹی وی سکرین پر دیکھ رہی ہے،پولیس عدالت لینے آتی تو زمان پارک سے پٹرول بموں سے حملہ کرتے ، کبھی ڈنڈوں سے پولیس والوں کی ہڈیاں توڑتے تھے،حساب دینے کا موقع آیا تو وہیل چیئر پہ بیٹھ گئے، کبھی پلاسٹر چڑھا لیا، 6ماہ میں تو عمارتوں کے لینٹر اتر جاتے ہیں نیازی کی ٹانگ سے پلستر نہیں اترتا۔

سینئر نائب صدر ن لیگ نے کہادامن ،ہاتھ صاف ہو تو نواز شریف شیر کی طرح پیشیوں پر سینہ تان کر عدالت میں پیش ہوتا ہے،میں بھی سزائے موت کی چکی میں رہی،ایک دن رونا پیٹنا نہیں کیا،دیکھومکافات عمل کے شاہکار چاروں طرف نظر آتے ہیں،آپ شیر کو ووٹ دیں، ذمے داری ہے شکرگڑھ ،ظفروال کو بھی ترقی دیں گے،نارووال شکر گڑھ ریلوے سیکشن کو بحال کریں گے، نوجوان بتائیں لیپ ٹاپ چاہیے یا پٹرول بم، نوکری اور روزگار،شیر پر اتنی مہریں لگائیں کسی گھر میں کوئی بے روزگار نہ رہے،8 فروری کو پورے ملک سے شیر کی دھاڑ سنائی دے گی،ایک ایک کرکے آپ کی ساری تکلیفیں ،سارے مسائل ،دکھ درد دور ہو جائیں گے۔