اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگراں وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پاکستان میں 2.5 فیصد سالانہ کی طرح تیزی سے آبادی میں اضافہ ایک سنگین مسئلہ ہے، ملک میں آبادی کے انتظام میں سٹیک ہولڈرز کو اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہئے۔اتوار کو ڈونرز سٹرٹیجک فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیرنے اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ عطیہ دہندگان کے ساتھ باقاعدہ رابطہ کمیٹی کے ذریعے یقینی بنایا جانا چاہیے جیسا کہ اقتصادی امور ڈویژن (ای اے ڈی)میں قائم کیا گیا ہے جسے ڈونر کوآرڈینیشن کمیٹی کہا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز بشمول وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں، سیاسی قیادت، ترقیاتی شراکت دار اور پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز میں عملدرآمد کرنے والے شراکت داروں کا اہم کردار ہے۔ڈونر کمیونٹی کے نمائندوں نے پاکستان میں آبادی کے ایجنڈے کو بڑھانے کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔دریں اثناءڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ ملک میں خناق کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کا امکان کم ہے۔ پیر کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیربرائے قومی صحت ڈاکٹرندیم جان کی ہدایت پر خناق کی روک تھام کےلئے ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔ ڈاکٹرندیم جان نے کہا کہ سردیوں میں خناق کے پھیلا کا خطرہ معمولی طور پر بڑھ جاتا ہے ،تاہم ملک میں اس مرض کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کا امکان کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈوائزری کا مقصد صحت کے اداروں کو احتیاط اور کنٹرول کے بارے میں اقدامات سے آگاہ کرنا ہے۔ محکمہ صحت اور متعلقہ حکام خناق کی روک تھام کے بارے میں پیشگی اقدامات کریں جو ایک شخص سے دوسرے کو لاحق ہونے والا مرض ہے۔ ڈاکٹرندیم جان نے کہا کہ خناق کا جرثومہ مریض کو چھونے، کھانسنے اور چھینکنے سے پھیلتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کوخناق سے بچا ﺅکیلئے شیڈول کے مطابق ویکسین لگوائیں، بیماری کی صورت میں فوراً مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
خناق کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کا امکان کم،آبادی میں تیزی سے اضافہ سنگین مسئلہ ہے: ڈاکٹر ندیم جان
















