سائفر کیس فکس میچ ،جیوری ،پراسیکیوشن ایک پیج پر ہیں،عمران خان

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے سائفر کیس فکس میچ ہے،جیوری ،پراسیکیوشن ایک پیج پر ہیں،نجم سیٹھی نے کہا 5 فروری سے قبل مجھے سزا ہو جائے گی، سب کو پتہ ہے معلومات کہاں سے ملی؟ عدالت نجم سیٹھی کو طلب کرے اور پوچھے۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہابدترین کریک ڈاون کے باعث عوام کا آزادی سے رہنے کا بنیادی حق متاثر ہو رہا ہے، ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، میرے وکلا الیکشن لڑ رہے ہیں اس لیے پیش نہیں ہوسکے ،کیس پوری طرح سے لڑیں گے پیر سے لیگل ٹیم جائے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہامیرا روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل ،نواز شریف کو ریلیف مل رہا ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ پرسب جھوٹ بول رہے ہیں، نواز شریف کی ایک ہی امید ہے ویگو ڈالہ الیکشن جتوائے اور عوام نواز شریف کو نہیں جیتنے دےں گے،ویگو ڈالے کا کمال ہے سافٹ ویئر اَپ ڈیٹ کر کے خیبر پختونخوا میں 2پارٹیاں بنا دیں۔

صحافی نے سوال کیا آپ تمام معاملات کے حل کےلئے صدر سے بات کیوں نہیں کرتے؟ عمران خان نے کہا صدر کی سنتا کون ہے؟،مفرور نوازشریف کو ریلیف پرریلیف دیاجارہاہے۔