سائفر کیس:سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کابیان قلمبند

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سائفر کیس میںگواہ اعظم خان نے بیان قلمبند کرا دیا،عمران خان،قریشی نے قرآن پر ہاتھ رکھ کر بیان دینے کا مطالبہ کردیا۔

سائفر کیس کی سماعت آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عمران،قریشی کے مطالبے پر کہادرخواست مت دیں، میں نے قرآن پاک منگوا لیا ،بانی پی ٹی آئی نے کہا مسلمانوں میں بڑے بڑے منافق بھی ہیں جو قرآن پاک پر جھوٹ بولتے ہیں۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا حلف دیں جھوٹی گواہی دینے پر اللہ ناراض ہو، بشریٰ نے عدالت میں اونچی آواز میں مکالمہ کرتے ہوئے کہا اللہ ناراض ہو، اللہ کا عذاب ہو۔

اعظم خان نے اپنے بیان میں کہا سائفر کی کاپی سیکرٹری خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دی، انہوں نے معاملہ اگلی صبح وزیراعظم کے سامنے رکھنے کا کہا، وزارت خارجہ سے آئی کاپی لےکر وہ وزیراعظم آفس گئے،وزیراعظم نے کہا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بات ہوئی ہے، سابق وزیراعظم سائفر دیکھ کر بہت پر جوش ہوگئے اور معاملے پر عوام کو اعتماد میں لینے کا کہا۔

سابق پرنسپل سیکرٹری نے کہاوزیراعظم نے کہا بتانا ہوگا بیرونی عناصر پاکستان میں کیسے سازش کر رہے ہیں، میں نے کہا وزیر خارجہ، سیکرٹری خارجہ سے ملاقات ،ملک کے سفیر یا حکام سے وزیر خارجہ، سیکرٹری خارجہ رابطہ کریں، سیکرٹ ڈاکیومنٹ ہے ،تفصیلات عوام کو بتائی نہیں جا سکتیں، وزیراعظم نے مانا پبلک نہیں کی جا سکتی جس کے بعد بنی گالہ میں ملاقات ہوئی، وزیر خارجہ، سیکرٹری خارجہ شریک تھے، بنی گالہ میں سیکرٹری خارجہ نے ماسٹر کاپی سے سائفر پیغام پڑھا، بنی گالہ میں میٹنگ میں فیصلہ ہوا معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا، مارچ کے آخری ہفتے میں ملاقاتیں، میٹنگز ہوئیں، کابینہ اجلاس بلایا گیا ،وزرات خارجہ کے نمائندے نے ماسٹر کاپی سے پیغام پڑھا۔

اعظم خان نے کہاکابینہ نے معاملہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی میٹنگ میں رکھنے کا فیصلہ کیا، این ایس سی میں امریکی سفیر کو طلب کرنے اور احتجاجی مراسلہ تھمانے کا فیصلہ ہوا وہ جب تک وزیراعظم ہاوس میں تھے کاپی وہیں رہی، پھر عوامی اجتماع میں کاغذ لہرایا، پڑھا نہیں گیا،اعظم خان کے بیان قلمبند کراتے وقت پراسیکیوٹر کی مداخلت پر شاہ محمود قریشی نے کہابیان کے وقت پراسیکیوٹر کیوں مداخلت کر رہے ہیں؟،کیس میں ایف آئی اے سے انیس الرحمان سمیت 5 گواہوں کے بیانات قلمبند کرکے سماعت 22 جنوری تک ملتوی کردی گئی ۔

دوسری جانب دوران عدت نکاح کیس میں بشریٰ بی بی کی عدم موجودگی کے باعث فرد جرم عائد کرنے کیخلاف دائر درخواست مسترد کردی گئی ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج قدرت نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کیس پر سماعت کی،عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے کی درخواست منظور کرلی ۔