چیچہ وطنی: سوئی گیس کے کم پریشر اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں

چیچہ وطنی:(سلطان مصطفائی)سوئی گیس کے کم پریشر اور لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ،صبح اور رات کے وقت گیس نہ ہونے سے گھریلو امور بری طرح متاثر ہو کر رہ گئے،شہری مہنگی ایل پی جی اور لکڑیاں جلانے پر مجبور ہوگئے۔

چیچہ وطنی شہر اور نواحی علاقوں میں سوئی گیس کے کم پریشر اورلوڈشیڈنگ کا سلسلہ تا حال جاری ہے اور بڑھتی ہوئی سردی کے باعث سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ شہریوں کیلئے درد سر بن گئی ہے جس کے متبادل کیلئے خشک لکڑی اور ایل پی جی کی قیمتیں بھی آسمانوں کو چھو رہی ہیں،چیچہ وطنی کے بیشتر علاقوں میں صبح اور خاص کر رات کے اوقات گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے جبکہ ساتھ ہی کئی گھنٹوں کیلئے گیس بھی بند کر دی جاتی ہے۔

شہریوں نے کہا گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس سے تمام گھریلو امور بری طرح متاثر ہورہے ہیں،شہریوں نے حکومت اور سوئی گیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سردی کے شدید موسم میں سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔