شیر کے شکار کیلئے بلا نہیں تیر،لیول پلیئنگ فیلڈ ملے نہ ملے، سرپرائز دینگے، بلاول

ملتان: بہاولپور(قاسم بھٹی،بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے عوامی لاڈلہ بننے کی خواہش،لیول پلیئنگ فیلڈ ملے نہ ملے، 8فروری کو سرپرائز دیں گے۔

ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ایک جیل سے بچنا دوسرا نکلنا چاہتا ہے،پیپلز پارٹی و دیگر جماعتوں کے نظرئیے میں فرق ہے، عوامی مسائل حل کرنے کےلئے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں ،دیگر جماعتیں امیروں کو ریلیف ، عوام کو تکلیف دیتی ہیں۔

چیئرمین پی پی نے 8 فروری کو سرپرائز دینے کادعویٰ کرتے ہوئے کہالیول پلیئنگ فیلڈ ملے یا نہ ملے، اپنا بندوبست کرلیتے ہیں،کوشش ہے پیپلز پارٹی کا وزیر اعظم بنے،بانی پی ٹی آئی دھاندلی سے مسلط ہونے کی کوشش کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی ساتھ دیتے تو الیکشن اصلاحات مزید بہتر ہوتیں، پچھلے الیکشن میں عمران خان دھاندلی کرنے میں کامیاب ہوئے اب پیپلز پارٹی ڈرنے اور جھکنے والی نہیں، مقابلہ کرنے کےلئے تیار ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہاعوام سے اپیل ہے پرانی سیاست کو دفن کرکے نئی سوچ کو سامنے لائیں،26 جنوری کو ملتان میں جلسہ کریں گے،ملکی حالات ٹھیک کرنے کی صلاحیت صرف پیپلز پارٹی میں ہے، نوجوانوں کو یوتھ کارڈ کے ذریعے بااختیار بنائیں گے، صحافی نے سوال کیا پچھلے انتخابات میں عمران خان لاڈلے تھے اور اب نواز شریف کو لاڈلہ کہا جارہا ہے تو بلاول کب لاڈلے ہوں گے؟بلاول بھٹو نے جواب دیا خواہش عوامی لاڈلہ بننے کی ہے، عوام ہی طاقت کا سر چشمہ ہےں۔

دریں اثنا بہاولپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا شیر کے شکار کیلئے بلا نہیں تیر کام آتا ، شکار کا موسم ،شیر کا شکار کرنا ہے،ایک بار پھر انقلابی منشور کی ضرورت ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت بنی تو 10 نکاتی ایجنڈے پر خود عمل کروں گا،صحت کی سہولیات جنوبی پنجاب سے شروع ہوں گی،ہر اضلاع کو مفت ہسپتال بنا کر دوں گا، بانی پی ٹی آئی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتا۔

چیئرمین پی پی نے کہامیرا آخری وعدہ بھوک مٹاو¿ پروگرام ہے، چاہتے ہیں پاکستان میں کوئی بھوکا نہ سوئے، ہر یونین کونسل میں بھوک مٹاو¿ پروگرام شروع کریں گے،نئے پیدا ہونے والے بچوں کی والدہ کو مدد فراہم کریں گے، میں اور آپ ملکر عوامی حکومت قائم کریں گے، پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے، مقابلہ کسی سیاستدان نہیں، غربت، مہنگائی و بیروزگاری سے ہے، موقع دیں دکھائیں گے کیسے عوامی حکومت بنائی جاتی ہے، بلاول بھٹو نے کہاپنجاب میں خاص طور پر پیپلزپارٹی کا فوکس ہے، خود لاہور سے الیکشن لڑرہا ہوں، پیپلز پارٹی ہی تمام صوبوں سے جیتے گی، وزیراعلیٰ پنجاب بھی جیالا بنے گا۔