پاکستان میں جمہوریت کی حمایت کرتے ہیں،برطانوی ہائی کمشنر


اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم وسربراہ ق لیگ چودھری شجاعت سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کر کے عام انتخابات،سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

چودھری شجاعت نے کہا پاکستان برطانیہ کےساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ،دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے،برطانوی ہائی کمشنر نے کہا پاکستان میں جمہوریت کی حمایت کرتے ہیں۔

دریں اثنا برطانوی ہائی کمیشن نے ملاقاتوں پر اعلامیہ جاری کر دیا،اعلامیے کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر ،کراچی میں پی پی، جی ڈی اے ،ایم کیو ایم لیڈروں،لاہور میں نواز شریف ،ن لیگ کی قیادت سے ملاقاتیں کیں،ہائی کمشنر آئندہ ایام میں آئی پی پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں سے بھی ملیں گی۔

ہائی کمیشن نے کہابرطانوی ہائی کمشنر نے ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کے باہمی ،معاشی تعلقات اور بروقت پرامن انتخابات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا ۔

ادھر مرکزی صدر استحکام پاکستان پارٹی علیم خان سے برطانوی پولیٹیکل قونصلر مس زوئی وئیر نے ملاقات کی، دونوں نے عالمی و ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا،اس موقع پرعلیم خان نے کہامختلف شعبوں میں تعلقات کا فروغ خوش آئند ہے،برطانوی پولیٹیکل قونصلر مس زوئی وئیر نے کہاتعلیم، صحت اور مختلف شعبوں میں پاک برطانیہ باہمی اشتراک کامیابی سے جاری ہے،دونوں نے ایک دوسرے کیلئے مثبت خواہشات کا اظہار بھی کیا۔