”بلا“واپسی کیس پر سماعت ملتوی،اپیل سننے کیلئے سپریم کورٹ کا3رکنی بنچ تشکیل

پشاور،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پشاور ہائیکورٹ میں”بلا“واپسی کیس پر 6گھنٹے طویل سماعت ،الیکشن کمیشن ،پی ٹی آئی وکلا نے دلائل مکمل کرلئے، عدالت نے دیگر فریقین کو مہلت دیتے ہوئے سماعت بدھ تک ملتوی کر دی۔

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ارشد علی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سماعت کی، پی ٹی آئی کی جانب سے علی ظفر اوربیرسٹر گوہر پیش ہوئے۔ جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا آپ انتخابی نشان بلا ہی کیوں مانگ رہے ہے؟ ۔


بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا پرانا انتخابی نشان ہے،الیکشن کمیشن نے دائر اختیار سے تجاوز کیا، الیکشن کمیشن صرف انتخابات کے معاملے پر جرمانہ کر سکتا تھا،الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر نے دلائل دیتے ہوئے کہاالیکشن کمیشن کورٹ لا نہیں لیکن ریگولیٹری باڈی ہے۔

جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا آپ کہنا چاہتے ہیں الیکشن کمیشن انتخابات ،سیاسی جماعتوں کی ریگولیٹری باڈی ہے؟ وکیل نے کہا الیکشن کمیشن خود مختار ادارہ،تحقیقات کر کے ڈیٹا اکٹھا کر سکتا ،سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کے معاملات کو بھی دیکھتا ہے،پی ٹی آئی کی درخواست کو خارج کیاجائے،الیکشن کمیشن میں انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراضات کرنے والوں کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے ،وکلا نے بار کونسل کی جانب سے ہڑتال ہونے پر مہلت مانگ لی ،عدالت نے سماعت ملتوی کر دی۔

سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا امید ہے بلے کا نشان واپس مل جائیگا، عدالت کے ہر فیصلے کو قبول کریں گے،سپریم کورٹ کے سامنے ایک آرڈر چیلنج کیا، اگر پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ آتا ہے تو پھر سپریم کورٹ میں کیس ضرورت نہیں، کسی پارٹی کیساتھ فی الحال کوئی اتحاد نہیں، وکلاکو بھی ٹکٹ دیں گے،مقصد ملک کو آگے لےکر جانا ہے۔

دوسری جانب سپریم کورٹ میںپی ٹی آئی کی اپیل پر سماعت کیلئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میںسپریم کورٹ کا 3رکنی بنچ تشکیل دےدیا گیا،بنچ میں جسٹس علی مظہر ،مسرت ہلالی شامل ہیں۔

مزید برآںلیول پلیئنگ فیلڈ کیس میں الیکشن کمیشن ،چیف سیکرٹری پنجاب نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا،عدالتی حکم نامے کے مطابق الیکشن کمیشن 322 اور چیف سیکرٹری پنجاب نے 242 صفحات پر مشتمل جواب جمع کرایا۔ عدالتی استفسار پر تحریک انصاف کے وکیل نے کہا وہ جوابات پر اپنا تحریری جواب جمع کرانا چاہتے ہیں، وکیل نے تفصیلی جواب جمع کرانے کےلئے 3 روز کا وقت مانگا، حکم نامے کے مطابق عدالت نے پی ٹی آئی کو جواب جمع کرانے کےلئے مہلت دےدی، کیس کی آئندہ سماعت 15 جنوری کو ہو گی۔