لاہور (اپنے رپورٹر سے) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ میں ایکسل لوڈمینجمنٹ نظام مزید موثر بنا یا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت یہاں سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شفافیت یقینی بنانے کیلئے تمام سڑکوں پر ٹول ٹیکس آن لائن وصول کیا جائیگا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبہ میں 1700کلومیٹر شاہراہوں پر ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر کامیابی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے اور مال بردار گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے صوبے میں نو مقامات پر مستقل ویٹ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ حد سے زائد وزن لوڈ کرنے پر مال بردار گاڑیوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ایکسل لوڈ قوانین پر عمل نہ ہونے سے اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونےوالی سڑکوں کو نقصان پہنچتا تھا، ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے ذریعے حادثات اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کے نقصان سے بچایا جا سکے گا۔انہوں نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر کامیابی سے عملدرآمد پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کی کوششوں کو سراہا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ نئی سڑکوں کی تعمیر کی بجائے133بین الاضلاعی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کو ترجیح دی گئی جن میں سے 104سڑکوں کی مرمت و بحالی کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اضلاع کے داخلی راستوں پر مال بردار گاڑیوں کیلئے وزن کی حد سے متعلق سائن بورڈز نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ،پنجاب ہائی ویز پولیس کی معاونت سے 17 اہم کوریڈورزپر ایکسل لوڈ قوانین نافذ کئے گئے ہیں۔اجلاس میں محکمہ قانون،مواصلات و تعمیرات کے سیکرٹریز، پنجاب ہائی ویز پولیس کے حکام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
شفافیت یقینی بنانے کیلئے تمام سڑکوں پر ٹول ٹیکس آن لائن وصول کیا جائیگا :چیف سیکرٹری
















