اسلام آباد، لاہور: (بیورو رپورٹ+ اپنے رپورٹر سے) تاحیات نااہلی ختم، سپریم کورٹ نے آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح کا فیصلہ سنا دیا، فیصلہ 1-6 کی اکثریت سے سنایا گیا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مختصر فیصلے میں سمیع بلوچ نااہلی کیس کے فیصلے کو ختم کرتے ہوئے قرار دیا آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کا فیصلہ واپس لیا جاتا ہے، 62 ون ایف کو آئین سے الگ کرکے اکیلا نہیں پڑھا جاسکتا، سیاستدانوں کی نااہلی تاحیات نہیں ہوگی۔
فیصلے میں کہا گیا الیکشن ایکٹ کے تحت نااہلی مدت 5 سال ہے، پرکھنے کی ضرورت نہیں، 62 ون ایف کی تشریح عدالتی ڈکلیئریشن کے ذریعے آئین کو ریڈ ان کرنا ہے، ڈکلیئریشن دینے کے قانون کا کوئی پراسس موجود نہیں۔ سپریم کورٹ نے کہا آرٹیکل 62 ون ایف میں درج نہیں کورٹ آف لا کیا ہے، آرٹیکل 62 ون ایف واضح نہیں کرتا ڈکلیئریشن کس نے دینا ہے، آرٹیکل 62 ون ایف میں درج نہیں، نااہلی کی مدت کتنی ہوگی؟ ایسا کوئی قانون نہیں جو واضح کرے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی کا طریقہ کار کیا ہوگا۔ فیصلے کے مطابق ایسا کوئی قانون نہیں جو واضح کرے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی کی کیا ہوگی؟ یہ بھی واضح نہیں 62 ون ایف کے تحت نااہلی فیئر ٹرائل و قانونی تقاضوں کے مطابق ہے یا نہیں۔
تحریری فیصلے کے مطابق نااہلی مدت کا مختصر اکثریتی فیصلہ 7 آئینی و قانونی نکات کی بنیاد پر جاری کیا گیا، آرٹیکل 62 ون ایف کوئی ازخود لاگو ہونےوالی شق نہیں، آرٹیکل نااہلی کے ڈ کلیئریشن و مدت کے تعین کا طریقہ نہیں بتاتا، ایسا کوئی قانون بھی نہیں جو 62 ون ایف کے تحت نااہلی کے ڈ کلیئریشن کی مجاز عدالت کا تعین کرے، 62 ون ایف کے تحت آرٹیکل 10 اے شفاف ٹرائل کے تقاضے پورے کرنے کا طریقہ کار موجود نہیں۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا تاحیات نااہلی والی تشریح آرٹیکل کے سکوپ سے باہر ہے ایسی تشریح شہریوں کے انتخابات میں حصہ لینے اور پسند کے امیدوار کو ووٹ دینے کے بنیادی حق کو ختم کرتی ہے، ایسی تشریح آئین کے آرٹیکل 17 میں درج حقوق کیخلاف ہے، جب تک کوئی قانون 62 ون ایف کو قابل عمل بنانے نہیں آتا ،حیثیت 62 ون ڈی، ای اور جی جیسی ہی ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا سمیع بلوچ کیس میں تاحیات نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔ تاحیات نااہلی والا فیصلہ جو آئین میں موجود ہی نہیں وہ پڑھنے جیسا تھا، الیکشن ایکٹ کی سیکشن 232 میں ترمیم کو جانچنے کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے اختلافی نوٹ میں کہا احترام کےساتھ میں اکثریتی فیصلے سے متفق نہیں ہوں، سمیع بلوچ کیس میں اخذ نتیجہ قانونی طور پر درست ہے، آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی تاحیات ہے نہ ہی مستقل، عدالتی ڈ کلیئریشن باقی رہنے تک نااہلی رہے گی۔
چیف جسٹس نے کہا انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد ضروری تھافیصلہ فوری سنایا جاتا، تمام وکلا، اٹارنی جنرل کے آنے کا شکریہ ادا کرتا ہوں،ادھر اٹارنی نے فیصلے پر کہا تمام ہائیکورٹس، سپریم کورٹ نے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت جتنے بھی ڈ کلیئریشن دئیے سب ختم ہوگئے، 62 ون ایف کے تحت کاغذات نامزدگی پر اب کوئی اعتراض نہیں اٹھایا جاسکتا، جب تک نئی پارلیمنٹ قانون پر نئی قانون سازی نہیں کرلیتی تب تک یہی قانون ہوگا، ہائیکورٹس نہ ہی دیگر کورٹس ڈ کلیئریشن دے سکتی ہیں ابھی قانون نے بتایا نہیں کون سی کورٹ ڈ کلیئریشن دے سکتی ہے۔
دریں اثنا عدالتی فیصلے کے تحت سابق وزیراعظم وقائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف اور استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کی نااہلی ختم ہوگئی اور دونوں الیکشن لڑنے کیلئے اہل ہوگئے۔
دوسری جانب فیصلہ آنے کے بعد (ن) لیگی رہنماﺅں،کارکنوں نے جشن منایا،ڈھول کی تھاپ پر رقص، بھنگڑے ڈالے، مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں، مبارکبادوں کاتانتا بندھ گیا۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) و سابق وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا قائد نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کےلئے تاحیات نااہلی کی عدالتی ناانصافی کا سیاہ باب آخرکار ختم ہوا، آرٹیکل 62 ون ایف کی من چاہی تشریح کے ذریعے پاکستان، عوام کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بین الاقوامی رسوائی کی دلدل میں دھکیلنے والے سیاہ کردار عدالت، عوام اور وقت کے کٹہرے میں مجرم قرار پائے جنہوں نے سیاسی و ذاتی مفادات کی خاطر 25 کروڑ عوام اور ترقی کرتے پاکستان کی بنیادیں تک ہلا ڈالیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا لاڈلے کو صادق و امین کا جعلی سرٹیفکیٹ دینے کےلئے منتخب وزیراعظم کو ہٹانے کی سازش کی گئی،قائد نواز شریف اور عوام کو مبارک ہو۔
سابق وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا آئین کی کسی شق میں تاحیات نااہلی کا ذکر نہیں، سپریم کورٹ نے بروقت فیصلہ کیا، نااہلی غیرمنصفانہ فیصلہ تھا، سپریم کورٹ کے فیصلے سے دھبہ صاف ہوگیا۔
دریں اثنا علیم خان نے فیصلے کو آئین، قانون و عوام کی فتح قرار دےدیا۔ اپنے بیان میںعلیم خان نے کہا اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے تاحیات نااہلی کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے، جہانگیر ترین اور نوازشریف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
سپریم کورٹ کا سیاستدانوں کو بڑا ریلیف، تاحیات نااہلی ختم،نواز، ترین الیکشن کیلئے اہل
















