ورچوئل یونیورسٹی کا کانووکیشن،طلباءمیں ڈگریاں،ایوارڈ تقسیم

لاہور:(ایجوکیشن رپورٹر)ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کا 13واں کانووکیشن لاہور کیمپس میں ہواجس میں 4977 طلباءمیں ڈگریاں تقسیم کی گئیں،خزاں 2020، بہار 2021، خزاں 2021 اور بہار 2022 کے سمسٹرز کے دوران کل 22,762 طلباءایسوسی ایٹ ڈگری، بی ایڈ، بیچلرز (2 سالہ)، بی ایس (4 سالہ)، ماسٹرز اور ایم ایس کے ایوارڈ کے اہل ہوئے، 4977 ڈگریاں لاہور کانووکیشن میں دی گئیں،بیچلرز کے 2311 ،ماسٹرز کے 2550 اور ایم ایس / ایم فل کے کل 116 طلباءشامل تھے۔

13ویں کانووکیشن لاہور میں نمایاں نمبرز لینے والے طلبا میں 33 گولڈ میڈلز اور 62 میرٹ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے ہیں،کانووکیشن کے مہمان خصوصی ورچوئل یونیورسٹی کے سابق ریکٹر تاجدار عالم تھے۔

ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم نے مہمان خصوصی کےساتھ ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کیے،اپنے خطاب میں مہمان خصوصی نے کہا یہ دور مصنوعی ذہانت کا دور ہے، جو طلباءٹیکنالوجی سے دور رہیں گے وہ بہت مشکلات کا سامنا کر سکتے ہیں،ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم نے کہا اعلیٰ تعلیم میں پورے پاکستان کا 6 فیصد سے زائد حصہ ورچوئل یونیورسٹی کے طلباءکا ہے۔