اسلام آباد(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے ہیں آبادی بڑھنے پر نشستیں کم کرنا الیکشن کمیشن کااختیار نہیں،ملک کے مختلف اضلاع کی حلقہ بندیوں کےخلاف کیسز کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب طاہر نے کی۔
جسٹس ارباب طاہر نے کہا اگر آبادی بڑھی ہے تو نشستیں کم کیسے کی جا سکتی ہیں؟،سپریم کورٹ فیصلے کے بعد ہمارے ہاتھ بندھ گئے ،وقت تو نہیں مگر ایسا فیصلہ دوں گا جو مستقبل میں کام آئے گا،عدالت نے الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کیا حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان آپ سیکشن 57 کے تحت کرتے ہیں؟، قومی اسمبلی کے حلقے کےلئے ووٹر کی تعداد کتنی رکھی ہے ؟، وکیل قمر سبزواری ایڈووکیٹ نے کہا الیکشن کمیشن پہلے مان لیتا ہے غلطی ہوئی پھر درخواستوں کو خارج کرتے ہیں،درخواست گزار کے وکیل نے کہااین اے 8 باجوڑ کی کل آبادی 13 لاکھ ہے ،حلقہ بھی ایک دیا گیا ، پڑوس کے قومی اسمبلی کا حلقہ ساڑھے 5 لاکھ کی آبادی پر رکھا گیا،الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب دیا نئی حلقہ بندیوں کا تعین ضلع کی حد تک کر رکھا ہے۔
عدالت نے استفسار کیا الیکشن ایکٹ کے تحت کیا آپ کے پاس اختیار ہے آبادی بڑھنے پر حلقہ ضم کریں؟،بتائیں الیکشن ایکٹ میں کہاں لکھا ہے آبادی زیادہ ہو تو دوسرے حلقے میں منتقل کیا جائے؟ ویسے تو ہر 10 سال بعد مردم شماری ہونی چاہیے مگر یہاں ایسا نہیں ہوتا، الیکشن کمیشن کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں آبادی بڑھنے پر نشستیں کم کرے،عدالت نے پوچھا اگر 9 لاکھ کی آبادی ہے تو13 لاکھ میں کیسے ایک حلقے کو رکھا گیا ؟، الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں یہی کچھ کیا ۔
آبادی بڑھنے پر نشستیں کم کرنا الیکشن کمیشن کااختیار نہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ
















