لاہور (کرائم رپورٹر) پاکستان آئے سکھ یاتریوں سے ڈکیتی کی واردات کرنیوالے گینگ کو گرفتار کرلیا گیا، ملزموں نے دوران تفتیش تہلکہ خیز انکشافات کئے کہ وہ غیرملکی ایجنسیوں کیلئے کام کرتے ہیں اور واردات کے بعد غیر ملکی خفیہ ایجنسی کو اطلاع دیتے ہیں تاکہ دنیا میں پاکستان کی ساکھ مجروح ہو۔ لاہور کے علاقے گلبرگ میں سکھ یاتریوں سے ڈکیتی کے واقعہ پر ایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ آفتاب احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں سے ڈکیتی کرنے والا غیر ملکی گینگ کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان میں سرغنہ شاہ رخ ، ریحانہ شاہ رخ اور عرفان شامل ہیں ، ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ غیرملکی ایجنسیوں کے لئے کام کرتے ہیں۔آفتاب احمد نے کہا ملزمان مختلف سرکاری یونیفارم پہن کرپاکستان میں آئے تھے، جن سے وردی اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے، ملزمان نے انکشاف کیا کہ واردات کے بعد غیر ملکی خفیہ ایجنسی کواطلاع دیتے ہیں اور غیر ملکی ایجنسی کے کہنے پر سکھ یاتریوں سے وارادات کر کے فر ار ہوجاتے ہیں۔ملزمان غیر ملکی شہریوں سے تلاشی کے بہانے واردات کرتے تھے۔تفتیش کررہے ہیں کہ واقعہ پڑوسی ملک سے تعلقات خراب کرنے کی سازش ہوسکتی ہے۔غیر ملکی خفیہ ایجنسی کے اس مکروہ منصوبہ کو آرگنائزڈکرائم یونٹ لاہور نے کامیابی سے ناکام بنا دیا، ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی،آئی ٹی ایکسپرٹس،سی سی ٹی وی فورٹیج، پبلک ریلیشن اور تجربہ کار افسران کی مدد سے مختصر وقت میں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کو پراسیکیوشن پارٹنر شپ کی مدد سے سخت سزا دلائی جائےگی، شہریوں کاتحفظ آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی اولین ترجیح ہے۔پریس کانفرنس کے بعد سکھ یاتری کول جیت سنگھ کو برآمد شدہ رقم حوالے کرنے کے بعد کول جیت کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔
را کا مکروہ منصوبہ بے نقاب، سکھ یاتریوں سے ڈکیتی کرنےوالا گینگ گرفتار ،تہلکہ خیز انکشافات

















