ن لیگ،ایم کیو ایم مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے کیلئے آئینی ترمیم پر متفق

اسلام آباد (بیورورپورٹ)ن لیگ،ایم کیو ایم نے مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے کیلئے آئینی ترمیم پر اتفاق کرلیا،دونوں جماعتوں میں اتفاق رائے مذاکراتی کمیٹیوںکے اجلاس میں ہوا۔

اجلاس کے بعد صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ن لیگ بھی مضبوط بلدیاتی نظام پر یقین رکھتی ہے، لوکل گورنمنٹ سے زیادہ موثر کوئی پلیٹ فارم نہیں، اگلی پارلیمنٹ سے آئینی ترمیم منظور کرائیں گے،انتخابات میں (ن) لیگ ،ایم کیو ایم ایک دوسرے سے تعاون کریں گے، تعاون کر کے سندھ میں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کریں گے، ہر حلقے میں ایسے امیدوار کی حمایت کریں گے جو جیت سکے۔

احسن اقبال نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی قرضوں کے جال میں پھینک گیا، عوام کی مشکلات کم کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کو تعمیرنو تحریک کی ضرورت ہے، مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے کےلئے آئینی ترمیم لانے پر اتفاق کیا، مقامی حکومتوں کو صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔


ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنونیئر فاروق ستار نے کہا انتخابات سے پہلے قومی اتفاق رائے ،قومی ایجنڈا واضح کرنا چاہتے ہیں، مضبوط مقامی حکومت ہی ملکی بقا و سلامتی کی ضامن ہے، آئین میں مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کےلئے آئینی ترمیم کی ضرورت ہے،فاروق ستار نے کہا آئینی ترمیم کا مسودہ مقامی خودمختاری پیش کر دیا ،بل کو باقی سیاسی جماعتوں کے سامنے بھی رکھیں گے۔

مصطفی کمال نے کہا اتحاد ہے تو یہاں کھڑے ہیں، وزارتیں،عہدے لینے پر بات نہیں کر رہے، عوام بہت مشکل زندگی گزار رہے ہیں، مسائل کی دلدل سے نکالنا ہے،پاکستان کے سارے اختیار اور وسائل وزیراعظم، 4 وزرائے اعلیٰ کے پاس ہیں، اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کریں گے۔