اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سائفر کیس میں سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا ٹرائل جیل میں ہی ہوگا۔ سماعت اوپن، ملزموں کے وکلا، خاندان کے 5،5 افراد، عام عوام، میڈیا کوکارروائی دیکھنے کی اجازت ہوگی۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔
جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں سائفر کیس پر سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنیں اور شاہ محمود قریشی کی بیٹی بھی عدالت پہنچیں۔ عدالتی حکم کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو پیش نہیں کیا گیا۔ جیل حکام نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا دونوں ملزموں کو پیش نہیں کرسکتے، اسلام آباد پولیس کو اضافی سکیورٹی کےلئے خط لکھا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کو سنجیدہ نوعیت کے سکیورٹی خدشات ہیں۔
عمران خان کے وکیل سلمان صفدر ایڈووکیٹ نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش کرنا جیل حکام کی ذمہ داری ہے، جان پر کھیل کر عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں، کیا چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں محفوظ نہیں یا راستے میں کوئی خطرہ ہے تو بتا دیں؟ جوڈیشل کمپلیکس کو مکمل طور پر بند کرکے بھی لایا جاسکتا ہے، عدالت میں کس سے خطرہ ہے؟ فیملی سے خطرہ ہے یا قانون کی پاسداری کرنے والے وکلا سے خطرہ ہے؟ آپکی بات نہیں مان رہے یا اسلام آباد ہائیکورٹ کی بات نہیں مان رہے تو کیا سپریم کورٹ جائیں؟ ۔
سلمان صفدر ایڈووکیٹ نے کہا کہتے رہے ابھی آگے نہ بڑھیں طے ہو لینے دیں کیس کیسے چلنا ہے، کبھی کوئی کیس اتنی جلدی میں چلا؟ کیس کو 5 ہفتوں میں مکمل کرنے کےلئے نکلے ہوئے تھے۔ شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری نے کہا جیل سپرنٹنڈنٹ کا لیٹر ایف آئی اے پراسیکیوٹر شاہ خاور نے خود پڑھا، شاہ محمود قریشی کو کیوں ابھی تک پیش نہیں کیا گیا؟ علی بخاری نے کہا اوپن ٹرائل ہے ملزم کو عدالت میں پیش کرنا ضروری ہے، ملزموں کی پروڈکشن کرانا عدالت کی ذمہ داری ہے اگر عدالتی احکامات نہیں مانے جاتے تو سرکاری ملازم کو جیل میں بھیجنے کا اختیار آپکے پاس ہے۔
شاہ محمود قریشی کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دئیے عدالت مناسب آرڈر کریگی، کیا عدالت نے ملزموں کو طلب کیا تھا؟ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے جواب دیا آپ نے ملزموں کو طلب کیا تھا۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے جیل میں ٹرائل کیا جاسکتا ہے۔ جیل حکام نے دستاویزی شواہد کےساتھ بتایا سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر پیش نہیں کرسکتے۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیئے عدالت کو فرق نہیں پڑتا کہاں ٹرائل ہوگا، عدالت چاہتی ہے جو ٹرائل کو دیکھنا چاہے اس کیلئے کیا کریں گے، سیکشن 352 کا اطلاق کرنا ہے، کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ علی بخاری نے استفسار کیا شاہ محمود قریشی کی حد تک کوئی خط و کتابت نہیں، پیش کیوں نہیں کیا گیا؟ سلمان صفدر ایڈووکیٹ نے استفسار کیا کونسا ایسا واقعہ ہوا جس سے کہیں کوئی تھریٹ ہے، روزانہ اڈیالہ جیل سے دہشت گردوں کو لایا جاتا ہے اب یا تو پیش کیا جائے یا ذمہ داروں کےخلاف کارروائی کی جائے، ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا عدالتی فیصلے پر عمل نہ ہونے پر متعلقہ آئی جی کو طلب کیا جانا چاہئے، ایف آئی اے پراسیکیوٹر کا کام نہیں وضاحتیں دیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں، جیل سپرنٹنڈنٹ کے درمیان خط و کتابت سے کوئی تعلق نہیں۔
بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی سکیورٹی رپورٹ کی روشنی میں عمران خان کا جیل میں ہی ٹرائل ہوگا جو اوپن ہوگا، سائفر کیس کی آئندہ سماعت جمعہ کو جیل میں ہوگی، ملزموں کے وکلا، فیملی کے 5،5 ممبران، میڈیا، عام عوام کوکارروائی دیکھنے کی اجازت ہوگی۔
دریں اثنا آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفرکیس کی آئندہ سماعت اڈیالہ میں کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے عدالت میں سکیورٹی رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ اسلام آباد پولیس،آئی بی اورسپیشل برانچ کی معلومات کی بنیاد پر تھی۔
رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے، حکم نامے کے مطابق عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ کا بغور جائزہ لیا، رپورٹ سے ظاہرہے چیئرمین پی ٹی آئی کی جان کو لاحق خطرات میں اضافہ ہوا۔ عدالت چیئرمین پی ٹی آئی کی جان کولاحق خطرات کی تشخیص کوہلکا نہیں لے سکتی، ماضی میں چیئرمین پی ٹی آئی کارکنوں کا جوڈیشل کمپلیکس پردھاوا بولنے کا واقعہ بھی ہوچکا ،جوڈیشل کمپلیکس میں سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کےلئے محفوظ ہے نہ ہی دیگر افراد کےلئے، وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالت سائفرکیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کا حکم دیتی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہورہا ہے اور شاہ محمود قریشی کا بھی وہیں ہوگا،حکم نامے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کا جیل ٹرائل اوپن ہوگا، ملزموں کے وکلا، خاندان کے 5،5 افراد،عام عوام اور سماعت سننے کے خواہشمند افراد کو ٹرائل کی کارروائی میں بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔
دریں اثنا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں لیگل ٹیم ،فیملی نے ملاقات کی ،وکلا کی جانب سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
مزید برآںآفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پی ٹی آئی چیئر مین کی بیٹوں سے بات نہ کرانے کے معاملے پر سماعت کی،چیئرمین پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان روسٹرم پر آگئیں اور کہاعدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بیرون ملک بیٹوں سے بات کرانے کا آرڈر جاری کیا ،جیل حکام انکار کرتے ہوئے موقف اپنا رہے ہیں جیل مینوئل کے مطابق بیرون ملک بات نہیں کرا سکتے وہ کون سا قانون ہے جس کے تحت انہوں نے جواب دیا۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا ابھی درخواست پر فیصلہ نہیں دیا، دیکھ رہے ہیں،وکیل شیراز رانجھا نے کہا قوانین منگوالیے جائیں، اس میں کیا ہے، جیل ایس او پیز منگوائے جائیں،علی بخاری ایڈووکیٹ نے کہا بیرون ملک کال کا خرچہ ڈال سکتے ہیں اب تو ماڈرن دور ہے، بچوں سے بات کا معاملہ انسانی ہمدردی کے طور پر دیکھا جائے،بعدازاں خصوصی عدالت نے بیرون ملک ٹیلی فونک گفتگو کرانے کے معاملے پر جیل ایس او پیز طلب کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
دوسری جانب سابق وزیر اعظم کو عہدے سے ہٹانے کے کیس میں پی ٹی آئی وکیل نے جواب جمع کرانے کےلئے الیکشن کمیشن سے وقت مانگ لیا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں سماعت کے دور ان پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر اور درخواست گزار خالد محمود کمیشن میں پیش ہوئے،الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 5دسمبر تک ملتوی کر دی۔
سائفر کیس، عمران کا ٹرائل جیل میں ہی ہوگا،خصوصی عدالت کا فیصلہ

















