گریٹر اقبال پارک، PHA افسران کی ملی بھگت، نیشنل میوزیم فوٹوگرافی کیبن من پسند مقام پر نصب

لاہور (قمر عباس) پی ایچ اے گریٹر اقبال پارک پراجیکٹ ڈائریکٹر کی سرپرستی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور فوٹوگرافی نجی کمپنی کی ملی بھگت، معاہدے کی خلاف ورزی، نیشنل میوزیم فوٹوگرافی کیبن غیرقانونی گیٹ نمبر 5 کے قریب نصب کردیا گیا۔ منظور شدہ سائز میں بھی ہیراپھیری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ گریٹر اقبال پارک کوآرڈینیشن و پارک انتظامیہ کی ملی بھگت سے اتھارٹی کی جانب سے سیاحوں کو فوٹوگرافی کی سہولیات فراہمی کیلئے نجی کمپنی کو ٹھیکہ دے رکھا ہے اور اس حوالے سے نجی کمپنی اور انتظامیہ کے درمیان تحریری معاہدہ طے کیا گیا ہے جس میں فوٹو گرافی کیلئے شرائط طے کی گئی ہیں جس کے مطابق فوٹوگرافرز کی تعداد 2 اور کیبنوں کی تعداد بھی 2 رکھی گئی ہے جبکہ کیبن کا سائز 8x8 فٹ کے علاوہ نصب کرنے کے دو مقامات بھی طے کئے گئے ہیں جس میں ایک کیبن گوردوارہ رنجیت سنگھ اور دوسرا نیشنل میوزیم کے قریب نصب کئے جانے تھے ۔تاہم گریٹر اقبال پارک کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی جانب سے ذمہ داری میں کوتاہی کی وجہ سے معاہدے کے مطابق کیبن کو نیشنل میوزیم کے سامنے نصب کروانے کو یقینی نہیں بنایا جا سکا جس کی وجہ سے کروڑوں روپے کے فنڈز سے نیشنل میوزیم کا مقصد مکمل طور پر ختم ہوا اور پاکستان کی تاریخ سے عوامی آگاہی تک رسائی بھی نہ ہو سکی۔ میوزیم کے سامنے فوٹو گرافی کیبن نصب کرنے کا مقصد میوزیم کے بارے آگاہی دینا بھی تھا۔تاہم گریٹر اقبال پارک کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور فوٹو گرافی ٹھیکیدار کے درمیان معاہدہ کی مکمل طور پر خلاف ورزی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ذاتی فیس وصولی کی مد میں گیٹ نمبر 5طوطا ہاﺅس کے قریب غیر قانونی طور پر نصب کیا گیا ہے لیکن 2 فوٹوگرافرز کی بجائے کثیر تعداد میں فوٹو گرافرز پارک میں مقررکردہ فوٹوگرافی پوائنٹ کی بجائے من مرضی کے مقام پر فوٹو گرافی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ معاہدے کے مطابق دونوں فوٹو گرافرز کیبن کے سامنے ہی فوٹو گرافی کرنے کے پابند کئے گئے ہیں۔ ذ رائع کے مطابق گریٹر اقبال پارک میں پی ایچ اے کوآرڈینیشن ڈائریکٹوریٹ کی منظوری سے نایاب طوطوں کا کیبن لگایا گیا ہے جہاں شہری اپنے فیملیز کے ہمراہ نایاب طوطوں کے ساتھ تصاویر کھنچواتے ہیں۔ پی ایچ اے کی جانب سے طوطوں کے کیبن کے اجازت نامے میں صرف 2 فوٹو گرافرز کی اجازت ہے لیکن کوآرڈینشن عملے کی ملی بھگت سے یہاں درجن سے زائد فوٹوگرافرز گھومتے نظر آتے ہیں۔ کوآرڈینیشن عملہ ہر ماہ مبینہ اپنا حصہ وصول کرکے اعلیٰ افسران کو ”سب اچھا“ کی رپورٹ دیتا ہے۔ ڈائریکٹر پراجیکٹ گریٹر اقبال پارک سے موقف کیلئے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے موقف نہ دیا وہ اپنا موقف دینا چاہیں تو ادارہ من وعن شائع کریگا ۔ پی ایچ اے ترجمان سے موقف کیلئے رابطہ کیا گیا تو انکی طرف سے متعلقہ ڈائریکٹر سے رابطہ کرنے کا کہا گیا۔