ریسکیو 1122 کا جامع ایمرجنسی مینجمنٹ سسٹم جنوبی ایشیا کیلئے ماڈل ہے :ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا

لاہور (کرائم رپورٹر) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن پاکستان کے نمائندے ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے ”مربوط و جامع ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 ماڈل برائے جنوبی ایشیا“کی ویڈیو اور ''ایمرجنسی ریسپانس سسٹم کے ذریعے روڈ سیفٹی کو بہتر بنانے'' پر ریسرچ رپورٹ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کو ریسکیو ہیڈکوارٹر و اکیڈمی میں پیش کی۔ ریسرچ رپورٹ اور ویڈیو ڈبلیو ایچ او پاکستان کے ماہرین نے مرتب اور تیارکیا تھا۔ اس سلسلے میں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں” صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام کے عالمی دن“ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ریسکیورز اور ہیڈ کوارٹرز اور اکیڈمی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے کہا کہ ریسکیو 1122کا جامع ایمرجنسی مینجمنٹ سسٹم جنوبی ایشیا کیلئے ماڈل ہے۔ کسی بھی قسم کے آپریشنز میں فرسٹ ریسپانس اور تربیت یافتہ کمیونٹی ٹیموں کی موجودگی انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے جن کے بروقت ریسپانس سے نہ صرف مزید نقصان سے بچا جاسکتا ہے بلکہ زیادہ سے زیادہ جانوں کو بھی بچایا جا سکتا ہے۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو کے قیام کے ابتدائی دنوں میں ریسکیور کیلئے ایمرجنسی تربیت نصاب کو مقامی زبان میں تیار کرنے کیلئے ڈبلیو ایچ او کے تعاون کا شکریہ ادا کیا جس نے پاکستان میں ایمرجنسی سروس کی بنیاد رکھی اور ریسکیور کی تربیت کے بدولت لاکھوں لوگوں کی جان بچانا ممکن ہو سکا۔ انہوں نے ریسکیو موٹر بائیک فراہم کرنے پر ڈبلیو ایچ او کا شکریہ بھی ادا کیا جس نے ریسکیو کے ایمرجنسی ریسپانس کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو بڑھایا، خاص طور پر تنگ گلیوں، ٹریفک جام اور گنجان علاقوں میں جہاں بڑی گاڑی کے فوری رسپانس میں چیلنج ہوتا ہے اورموٹربائیک ریسکیو سروس کا اوسط رسپانس ٹائم 4 منٹ ہے جو کہ بین الاقوامی سطح پہ بھی ایک ریکارڈ ہے۔ تقریب کے اختتام پر تمام شرکاءنے صنفی تشدد کو روکنے اور اس کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کا عہد کیا۔