سابق وفاقی وزیر فواد چودھری گرفتار،اسد قیصر جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ منتقل

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا،اہلیہ حبا چودھری نے تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا شوہر کو گرفتار کرلیا گیا تاہم کہاں لےکر گئے کچھ پتہ نہیں،بھائی فراز چودھری نے کہافواد چودھری کو پولیس اہلکاروں نے گھر سے گرفتار کیا۔

ادھر پولیس نے موقف دیتے ہوئے کہاسابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کو تھانہ آبپارہ میں درج ایف آئی آر کے تحت گرفتار کیا گیا ،فواد چودھری پر پی ٹی آئی کی ریلی نکالنے و سڑکیں بلاک کرنے کا الزام ہے۔

ادھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے فواد چودھری کو پیش کرنے کی درخواست دائر کردی، درخواست میں استدعا کی گئی فواد چودھری کو غیر قانونی قید و حراست سے بازیاب کرایا جائے، دن ساڑھے 12بجے کچھ لوگ سول وپولیس اہلکار غیر قانونی اٹھا کر لے گئے،بازیاب کرا کے رہائی کے احکامات دئیے جائیں،تھانہ کوہسار کے مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے درخواست پر پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اڈیالہ جیل بھیج دیا،پولیس نے اسد قیصر کو جوڈیشل مجسٹریٹ قدرت کی عدالت میں پیش کرکے جوڈیشل ریمانڈ کی درخواست کی،اسلام آباد پولیس نے کہا اسد قیصر کو خیبر پختونخوا میں کرپشن مقدمے میں گرفتار کیا گیا ، اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے اسد قیصر کی گرفتاری مانگی ،پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین نے کہا کسی مقدمے میں گرفتار کرنے کا اختیار اسلام آباد پولیس کو کس نے دیا،عدالت نے اسد قیصر کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے جیل بھیج دیا،عدالت نے اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا پولیس کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کے پی کے پولیس اپنا پراسس مکمل کر لے لیکن ایک ہفتے سے زائد کا وقت نہ لگے۔