نوازشریف کی زیر صدارت اہم بیٹھک،ن لیگ نے بھی انتخابات کامطالبہ کردیا

لاہور( اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نواز شریف کی زیر صدارت جاتی امرا رائے ونڈ میں پارٹی کی مرکزی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا ،4گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، غزہ میںاسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کےلئے 4نومبر کو جنرل کونسل بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔


ذرائع کے مطابق نواز شریف نے وطن واپسی پر مینار پاکستان پر عظیم الشان و تاریخی جلسے پر تمام رہنماﺅں کو مبارکباد دی اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی گئیں، سینیٹر عرفان صدیقی کو منشور کمیٹی کاسربراہ بنادیا گیا۔

نواز شریف نے ہدایت کی پاکستان کے موجودہ ہر طرح کے مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے نکات شامل کئے جائیں ، عدالتوں میں سالہا سال سے زیر التوا مقدمات کے فیصلوں و نظام انصاف میں اصلاحات کے حوالے سے موثر حل پیش کیا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا نواز شریف چاروں صوبوں کے دورے کریں گے ،نواز شریف سیاسی حلیف جماعتوں کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے جس میں مفاہمتی عمل کو فروغ دینے کیلئے بات چیت کی جائے گی،نواز شریف نے مشکل حالات کے باوجود ثابت قدم رہنے پر پارٹی رہنماوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا اپنی ذات نہیں بلکہ ملک و قوم کے مفادات زیادہ اہم ہیں ،پاکستان کو پھر مشکلات سے نکالیں گے۔

بریفنگ دیتے ہوئے احسن اقبال،مریم اورنگزیب، عطا تارڑ، طلال چودھری و دیگر نے کہاملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں، آئین کے تحت جنوری کے آخری ہفتے میں الیکشن ہونے چاہئیں، حتمی اعلان الیکشن کمیشن کرے گا،نواز شریف عنقریب چاروں صوبوں کا دورہ کریں گے ، نواز شریف کی حلیف جماعتوں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں ہو ں گی ، انتخابات کی تیاری شروع کر دی ،قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرکے عرفان صدیقی کی سربراہی میں منشور کمیٹی قائم کر دی۔

لیگی رہنماﺅں نے مزید کہاملک کو معاشی گرداب سے نکالنے کیلئے فوری انتخابات کی انتخابات ضرورت ہے ،تمام سیاسی جماعتوں کوا پنے اپنے منشور اپنی اپنی پالیسی کو سامنے رکھتے ہوئے ایک دوسرے کےساتھ ملک وجمہوریت کو مضبوط کرنے کےلئے مکالمہ جاری رکھنا چاہیے ،جو لیول پلینگ فیلڈ کی بات کرتے ہیں ان سے سوال ہے 2017میں تو (ن) لیگ سے لیول پلینگ فیلڈ چھینی گئی تھی ،نواز شریف کی واپسی سے تو (ن) لیگ کو لیول پلینگ فیلڈ واپس ہو رہی ہے ،آصف زرداری ،بلاول زرداری کی صورت میں تو پیپلز پارٹی کے پاس لیول پلینگ فیلڈ موجود ہے ،نواز شریف کی واپسی کا راستہ کھل رہا ہے کیونکہ وہ کردار رخصت ہو گئے جن کرداروں نے سازش کی تھی ۔