شرح سود22فیصد برقرار رکھنے کااعلان، مہنگائی میں کمی آئے گی،سٹیٹ بینک

کراچی(بیورورپورٹ)سٹیٹ بینک نے شرح سود22فیصد برقرار رکھنے کااعلان کردیا،فیصلہ گورنر سٹیٹ بینک کی زیر صدارت مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

سٹیٹ بینک نے کہا اکتوبر کے دوران مہنگائی میں کمی آئےگی، مہنگائی میں کمی کا سلسلہ دوسری ششماہی میں بھی جاری رہے گا،عمومی مہنگائی ستمبر میں بڑھ کر 31.4 فیصد سال بسال تک جاپہنچی تاہم ایندھن کے نرخوں بعض اہم غذائی اجناس کی قیمتوں و سازگار اساسی اثرات سے مہنگائی کم ہوگی ،مالی سال 24 کی دوسری ششماہی سے مہنگائی میں خاصی کمی آئے گی،گیس کی قیمت بڑھنے کااثر مہنگائی پر پڑ سکتاہے۔

مانیٹری پالیسی میں کہا گیامالی سال 24 کی پہلی سہ ماہی کے دوران مالیاتی و بنیادی توازن دونوں میں بہتری آئی، اہم اجناس کی مارکیٹ میں دستیابی بہترہورہی ہے، انٹربینک و اوپن مارکیٹ ایکس چینج ریٹس میں مطابقت پیدا ہوئی ، خریف کی فصلوں کے ابتدائی تخمینے حوصلہ افزا ہیں، جاری کھاتے کا خسارہ اگست و ستمبر میں خاصا کم ہوا ، اگست ستمبر کے دوران بیرونی فنانسنگ میں کمی سے زر مبادلہ ذخائر مستحکم رہے۔

سٹیٹ بینک نے کہاآئی ایم ایف جائزے کی کامیاب و بروقت تکمیل سے کثیر ملکی و دوطرفہ مالکاری میں اضافہ ہوگا،مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 1.0 فیصد سے کم ہوکر 0.9 فیصد پر آ گیا، ایف بی آر کے محاصل میں 24.9 فیصد اضافہ ہوا، نان ٹیکس محاصل دگنا ہوگئے، مہنگائی میں کمی لانے کےلئے بدستور مالیاتی دور اندیشی اور ہدفی مالیاتی استحکام کا حصول اشد ضروری ہے۔