عام انتخابات کےلئے 28 جنوری کی تاریخ فائنل

اسلام آباد(بیورورپورٹ) ملک میں عام انتخابات کےلئے 28 جنوری 2024 بروز اتوار کی تاریخ فائنل کر لی گئی،ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کو 2 دن بعد تحریری طور پر آگاہ کر دےگا،حکومتی ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے مجوزہ تاریخ پرانتخابات کرانےکی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں،یاد رہے دو روز قبل صدر عارف علوی نے ایک انٹرویو کے دوران اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ انہیں جنوری 2024 میں عام انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے جس پر الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز وضاحتی بیان جاری کیا تھا کہ ہم انتخابات کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہوتے ہی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں عام انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے قانونی مشاورت مکمل کر لی،ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن پیر کو سپریم کورٹ میں عام انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے اپنا جواب جمع کرائے گا، الیکشن کمیشن عام انتخابات کے حوالے سے اپنی تیاریاں تقریباً مکمل کر چکا ہے،نئی حلقہ بندیوں کا عمل 30 نومبر تک مکمل کر لیا جائے گا، عام انتخابات کے انعقاد کےلئے صرف انتظامی فیصلے کرنا باقی ہیں،ذرائع کے مطابق عام انتخابات کا انعقاد جنوری کے آخری ہفتے 28 جنوری بروز اتوار کرانے کی تجویز ہے، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کو صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے حوالے اب تک کے فیصلوں سے بھی آگاہ کرے گا،دوسری جانب الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات یکم نومبر سے سننے کا فیصلہ کرلیا،الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات سننے کیلئے 2 الگ، الگ بنچز تشکیل دےدیے ہیں،بنچ ون پیر کو اسلام آباد، شیخوپورہ، خضدار، سیالکوٹ اور راجن پور ریجن کے اعتراضات سنے گا جبکہ بنچ ٹو کرم، خیبر ایجنسی، ننکانہ، اٹک، جہلم، کوہاٹ اور کورنگی کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات سنے گا۔